سفری بے ضابطگیاں 40 ہزار مسافر اف لوڈ
*سفری بے ضابطگیاں:*
*ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر تقریباً 40 ہزار مسافر آف لوڈ*
*نامکمل دستاویزات، مشکوک سفری منصوبے اور سٹاپ لسٹ میں نام شامل ہونے کی وجوہات نمایاں رہیں*
*رپورٹ: رانا تصدق حسین*
*اسلام آباد:* فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی سرکاری دستاویزات کے مطابق ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر مجموعی طور پر 39 ہزار 786 مسافروں کو مقررہ سفری تقاضے پورے نہ کرنے پر آف لوڈ کیا گیا۔
دستاویزات کے مطابق 20 ہزار 408 افراد کو ضروری سفری دستاویزات مکمل نہ ہونے کی وجہ سے سفر سے روکا گیا، جبکہ 12 ہزار 673 مسافروں کو کم پروفائل یا مشکوک سفری منصوبوں کی بنیاد پر آف لوڈ کیا گیا۔
مزید برآں، 3 ہزار 450 افراد کے نام سٹاپ لسٹ میں شامل ہونے کے باعث انہیں بیرون ملک روانگی کی اجازت نہ دی گئی، جبکہ 505 مسافروں کو غلط سفری روٹ اختیار کرنے پر روکا گیا۔ جعلی دستاویزات رکھنے کے الزام میں 281 افراد کو مختلف ہوائی اڈوں سے آف لوڈ کیا گیا۔
اسی طرح 176 افراد کو غیر تسلی بخش سفری تاریخ، 145 کو دستاویزات کی مزید تصدیق اور 258 کم عمر مسافروں کو سفر سے روک دیا گیا۔ دستاویزات کے مطابق وزٹ ویزے پر بیرون ملک ملازمت کی غرض سے جانے والے 24 افراد کو بھی آف لوڈ کر دیا گیا۔
ایف آئی اے نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ روانگی سے قبل اپنے سفری کاغذات، ویزے کی شرائط اور سفری منصوبے کو قانونی تقاضوں کے مطابق مکمل اور درست یقینی بنائیں۔