بین الاقوامی فلاحی ادارے کے وفد کی ننکانہ أمد

ننکانہ صاحب:(ناصر بیگ ) 09جولائی 2026۔۔۔۔۔۔۔بین الاقوامی فلاحی ادارے کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ننکانہ صاحب کا دورہ کیا اور ضلعی ہیڈکوارٹر میں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ کی زیر صدارت منعقدہ اہم اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں سی ای او ایجوکیشن شازیہ بانو، محکمہ صحت، ماحولیات اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران تعلیم، صحت اور ماحولیات کے شعبوں میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بین الاقوامی فلاحی ادارے کے تعاون سے ضلع ننکانہ صاحب کے 15 سرکاری سکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ ان سکولوں کی کمپیوٹر لیبارٹریوں کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا اور ہر سکول کو 15 نئے کمپیوٹرز فراہم کیے جائیں گے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ماحولیات کے فروغ اور ضلع کو مزید سرسبز بنانے کے لیے بین الاقوامی فلاحی ادارہ ایک لاکھ امریکی ڈالر مالیت کے پودے فراہم کر رہا ہے۔ شجرکاری منصوبے کے تحت پودوں کی دیکھ بھال، نگرانی اور خشک پودوں کی بروقت تبدیلی کی ذمہ داری بھی ادارہ خود انجام دے گا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ نے کہا کہ بین الاقوامی فلاحی ادارہ گزشتہ کئی ماہ سے ضلع ننکانہ صاحب میں تعلیم، صحت اور ماحولیات کے شعبوں میں قابل قدر خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی ترجیح مالی امداد کے بجائے عوام کو معیاری سہولیات، جدید مشینری، کمپیوٹرز، طبی آلات اور پائیدار ترقیاتی منصوبوں کی فراہمی ہے تاکہ عوام کو دیرپا فوائد حاصل ہو سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سانگلہ ہل اور شاہکوٹ تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتالوں میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے منصوبوں پر بھی کام شروع کیا جا رہا ہے جس سے شہریوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام ترقیاتی منصوبے شفافیت، اعلیٰ معیار اور مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کمپیوٹر لیبارٹریوں، فرنیچر اور دیگر آلات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کے مقرر کردہ معیار کے مطابق یقینی بنائی جائے گی۔ بین الاقوامی ادارے کا تعاون ضلع ننکانہ صاحب کے لیے خوش آئند ہے اور اس سے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو مزید تقویت ملے گی۔بین الاقوامی فلاحی ادارے کے نمائندوں نے اس موقع پر کہا کہ انہیں پاکستان سے خصوصی محبت ہے اور ننکانہ صاحب میں عوامی فلاح کے منصوبوں پر کام کرنا ان کے لیے باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ بچوں اور نوجوانوں میں “گرین پاکستان” کے تصور کو فروغ دینا چاہتا ہے تاکہ نئی نسل ماحول دوست رویوں کو اپناتے ہوئے ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کر سکے۔وفد کے نمائندوں نے کہا کہ کمپیوٹر تعلیم نوجوانوں کے لیے بہتر روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی جبکہ صحت کے شعبے میں جاری منصوبوں سے عوام کو مزید بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں سانگلہ ہل اور شاہکوٹ ٹی ایچ کیو اسپتالوں میں منصوبوں پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور موجودہ منصوبوں کی کامیاب تکمیل کے بعد ضلع ننکانہ صاحب میں مزید ترقیاتی اور فلاحی منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں