خون کی ہولی جاری۔۔۔سی سی ڈی سو گئی

راولپنڈی (کرائم رپورٹر )راولپنڈی میں خون کی ہولی جاری: پٹواری قتل، بیٹا زخمی—مزید دو نوجوان بھی قتل، شہر میں خوف و ہراس
راولپنڈی: شہر ایک بار پھر لرز اٹھا ہے، جہاں مختلف علاقوں میں پیش آنے والے پے در پے خونریز واقعات نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔ چونترا چکری راجڑ کے علاقے میں دن دہاڑے مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک پٹواری جاں بحق جبکہ اس کا بیٹا شدید زخمی ہو گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور جدید اور غیر قانونی اسلحہ سے لیس تھے، جنہوں نے اچانک فائرنگ کر کے پٹواری کو موقع پر ہی قتل کر دیا جبکہ اس کے بیٹے کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ملزمان واردات کے بعد باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ادھر ایک اور افسوسناک واقعہ آج راولپنڈی دمیال کے علاقے میں پیش آیا، جہاں تھانہ کے گیٹ کے قریب نامعلوم افراد نے ایک نوجوان کو بے دردی سے قتل کر دیا۔ واقعے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں تاہم پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
اسی طرح تھانہ جاتلی کے علاقے میں بھی ایک نوجوان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، جس کے بعد ضلع بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایک ہی دن میں مختلف مقامات پر تین ہلاکتیں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہیں۔
ذرائع کے مطابق چونترا چکری راجڑ میں پیش آنے والا واقعہ زمین کے تنازع، قبضہ مافیا اور پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں سے جڑے جرائم پیشہ نیٹ ورکس کا شاخسانہ ہو سکتا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ علاقے میں بااثر گروہ غیر قانونی اسلحہ کے ساتھ سرگرم ہیں اور اکثر تنازعات کو طاقت کے زور پر حل کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ راولپنڈی میں قبضہ مافیا، غیر قانونی سوسائٹیز اور جرائم پیشہ عناصر کے درمیان گٹھ جوڑ ایک سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ کچھ عرصہ قبل سی سی ڈی کی جانب سے ایک نجی سوسائٹی میں کیا گیا چھاپہ بھی متنازع رہا، جہاں گرفتار ملزمان کی بعد ازاں رہائی نے کئی سوالات کو جنم دیا۔ ذرائع کے مطابق بعض خطرناک ملزمان کو اٹک جیل سے باآسانی رہا کروایا گیا، جس سے جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے مزید بلند ہوئے۔
شہریوں اور سماجی حلقوں نے حالیہ واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے اور شہر بھر میں غیر قانونی اسلحہ کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق تمام واقعات کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، تاہم تاحال کوئی بڑی پیشرفت سامنے نہیں آی
کیا راولپنڈی میں بڑھتی ہوئی قتل و غارت اور قبضہ مافیا کے خلاف کوئی فیصلہ کن کارروائی ہوگی، یا شہری اسی طرح عدم تحفظ کا شکار رہیں گے

اپنا تبصرہ بھیجیں