اسلام اباد کا محاصرہ خصوصی تحریر

کنٹینرز یا آئین؟

اسلام آباد ہائیکورٹ کی دوٹوک آئینی لکیر:
شہریوں کی جان، آزادی، نقل و حرکت، تجارت، کاروبار، تعلیم اور ہسپتالوں تک رسائی بنیادی حقوق ہیں — ’’اسلام آباد کا محاصرہ‘‘ کوئی آئینی حق نہیں؛ مگر ریاستی کنٹینر بندی کا قانونی و معاشی جواز کون دے گا؟

تحریر: رانا تصدق حسین

اسلام آباد — ایک مرتبہ پھر وفاقی دارالحکومت سیاسی کشمکش کے سائے میں کنٹینروں کی دیواروں میں گھرتا دکھائی دے رہا ہے۔ سڑکیں بند، راستے محدود، شہری پریشان اور نجی شعبے کی تجارتی گاڑیاں سیاسی و انتظامی رکاوٹوں کا حصہ بنتی نظر آ رہی ہیں۔ مگر اس مرتبہ معاملہ محض ایک سیاسی جماعت کے احتجاج، لانگ مارچ یا حکومت کی سکیورٹی حکمت عملی تک محدود نہیں رہا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے حالیہ تفصیلی فیصلے نے اس پورے معاملے کو ایک بنیادی آئینی سوال میں تبدیل کر دیا ہے:

اگر سیاسی جماعت شہریوں کے بنیادی حقوق سلب نہیں کر سکتی تو کیا ریاست بھی سکیورٹی کے نام پر یہی اختیار بلاحدود استعمال کر سکتی ہے؟

اور اس سے بھی زیادہ اہم سوال:

ہر وہ نجی کنٹینر جو سڑک بند کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، اس کے مالک کے روزانہ ہونے والے نقصان، گاڑی کے کھڑے رہنے، مال برداری کے تعطل اور ذریعۂ معاش کے نقصان کا ذمہ دار کون ہے؟


5 تا 9 ستمبر: سیاسی احتجاج سے کنٹینر بندی تک

پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر 2026 کو اسلام آباد کی جانب احتجاجی مارچ کا اعلان کیا، جس کا مقصد پارٹی کے مطابق بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی اور آئین کی بالادستی سمیت مختلف مطالبات کے لیے احتجاج کرنا ہے۔

اس اعلان کے بعد وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی انتظامات سخت کیے گئے اور مختلف مقامات پر کنٹینرز اور دیگر رکاوٹوں کے ذریعے راستے محدود کرنے کا سلسلہ شروع ہوا۔

اسی دوران شہری وقاص احمد نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرتے ہوئے مجوزہ مارچ کے نتیجے میں شہری زندگی، آمدورفت، کاروبار اور بنیادی سہولیات تک رسائی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا۔

یوں ایک سیاسی احتجاج کا معاملہ رفتہ رفتہ بنیادی حقوق، ریاستی اختیار اور انتظامی جواب دہی کا مقدمہ بن گیا۔


9 ستمبر: ٹرانسپورٹرز نے خود سوال اٹھا دیا

9 ستمبر کو آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن نے اسلام آباد پولیس کی جانب سے کنٹینر گاڑیوں کو تحویل میں لیے جانے پر احتجاج کیا اور زیرِ تحویل کنٹینرز واپس کرنے کا مطالبہ کیا۔

ٹرانسپورٹرز کا مؤقف تھا کہ نجی ملکیت کی تجارتی گاڑیوں اور کنٹینرز کو سیاسی مقاصد یا سڑکیں بند کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔

یہاں سے معاملے کی نوعیت بدل گئی۔

اب سوال صرف یہ نہیں رہا کہ:

پی ٹی آئی احتجاج کرے گی یا نہیں؟

بلکہ سوال یہ بھی بن گیا:

ریاستی سکیورٹی انتظامات کے لیے نجی شہریوں کی ملکیتی تجارتی املاک کو کس قانونی اختیار کے تحت استعمال یا زیرِ حراست رکھا جا سکتا ہے؟

کیونکہ ہر کنٹینر کسی کا اثاثہ ہے۔

ہر ٹریلر کسی کی سرمایہ کاری ہے۔

ہر ڈرائیور کسی خاندان کا کفیل ہے۔

اور ہر روز جب کوئی تجارتی گاڑی کاروباری استعمال سے باہر رہتی ہے تو اس کا براہِ راست مالی نقصان ہوتا ہے۔


10 اور 14 ستمبر: اسلام آباد ہائیکورٹ میں اہم سماعتیں

رِٹ پٹیشن نمبر 4421/2026، وقاص احمد بنام فیڈریشن آف پاکستان بذریعہ سیکرٹری وزارتِ داخلہ وغیرہ کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی۔

چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں جسٹس محمد آصف اور جسٹس محمد اعظم خان پر مشتمل بنچ نے معاملے کا جائزہ لیا۔

14 ستمبر کو عدالت نے اپنے احکامات جاری کرتے ہوئے سیاسی احتجاج، ریاستی وسائل کے استعمال اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے درمیان آئینی توازن پر اہم ہدایات دیں۔

عدالت نے واضح کیا کہ کسی سیاسی جماعت یا سیاسی رہنما کو اسلام آباد میں عوامی سڑکوں، شاہراہوں، انٹرچینجز، ٹول پلازوں یا دیگر عوامی مقامات پر اس انداز میں قبضہ یا رکاوٹ پیدا کرنے کا حق نہیں جس سے شہریوں کی طبی اور تعلیمی سہولیات تک رسائی یا آزادانہ نقل و حرکت متاثر ہو۔

حکومتی وسائل، سرکاری فنڈز، سرکاری گاڑیاں، مشینری اور افسران کو سیاسی مارچ کی سہولت کاری کے لیے استعمال نہ کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔

یعنی احتجاج کا حق موجود ہے، مگر شہری کو مفلوج کرنے کا حق نہیں۔


17 ستمبر: جب کنٹینرز میں ادویات بھی نکل آئیں

17 ستمبر کو معاملہ مزید حساس ہوگیا جب اطلاعات سامنے آئیں کہ اسلام آباد پولیس کی جانب سے زیرِ حراست کنٹینرز میں بعض ایسے کنٹینرز بھی شامل تھے جو کراچی سے راولپنڈی اور اسلام آباد ادویات لے کر آ رہے تھے، جن میں انسولین اور مختلف بیماریوں کی ادویات بھی شامل تھیں۔

کنٹینر مالکان کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا گیا کہ شدید گرمی میں طویل عرصے تک کھڑے رہنے سے ادویات متاثر ہوسکتی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق بعض گاڑیوں کے ڈرائیوروں سے چابیاں اور ضروری دستاویزات، جن میں ڈرائیونگ لائسنس، کنسائنمنٹ رسیدیں اور دیگر کاغذات شامل تھے، بھی لیے گئے۔

بعد ازاں وزیر داخلہ کی جانب سے ادویات سے لدے کنٹینرز فوری طور پر چھوڑنے کی ہدایت کی گئی۔

یہ واقعہ ایک بنیادی حقیقت سامنے لے آیا:

ادویات سیاسی نہیں ہوتیں۔

مریض سیاسی نہیں ہوتا۔

انسولین کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہوتا۔

اگر ایک دوا ساز کمپنی یا مریض کی زندگی کسی انتظامی بندش سے متاثر ہو سکتی ہے تو پھر ریاستی سکیورٹی اقدامات کی منصوبہ بندی میں ضروری اشیاء اور جان بچانے والی ادویات کی ترسیل کو اولین ترجیح کیوں نہ دی جائے؟


18 ستمبر: اسلام آباد ہائیکورٹ کا 37 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ

18 ستمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کا تفصیلی 37 صفحات پر مشتمل فیصلہ سامنے آیا جس نے اس پورے معاملے کو ایک واضح آئینی فریم ورک فراہم کر دیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ ایسی کوئی بھی سرگرمی جس کے نتیجے میں شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر ہوں، آئینی خلاف ورزی کے زمرے میں آ سکتی ہے، جبکہ ایسے عوامی عہدیدار جو ایسی خلاف ورزیوں کے ذمہ دار ہوں، ان کے حلف کی خلاف ورزی کا معاملہ بھی پیدا ہو سکتا ہے۔

یہی وہ مقام ہے جہاں فیصلے کی اہمیت کسی ایک سیاسی جماعت سے کہیں آگے نکل جاتی ہے۔

کیونکہ سوال پیدا ہوتا ہے:

کیا آئینی اصول صرف احتجاج کرنے والوں پر لاگو ہوگا یا ریاستی اداروں پر بھی؟


عدالت نے کن حقوق کو مرکزی حیثیت دی؟

عدالت کے فیصلے میں شہریوں کے متعدد بنیادی حقوق پر زور دیا گیا، جن میں:

  • زندگی اور آزادی؛
  • عزت و وقار؛
  • نقل و حرکت کی آزادی؛
  • تجارت اور کاروبار؛
  • ملکیت؛
  • طبی سہولیات تک رسائی؛
  • تعلیمی اداروں تک رسائی؛
  • عدالتوں تک رسائی؛
  • اور روزمرہ پیشہ ورانہ و شہری سرگرمیوں کی انجام دہی

شامل ہیں۔

اصول واضح ہے:

کسی سیاسی مقصد کے حصول کے لیے عام شہری کو اپنے بنیادی حقوق کی قیمت ادا کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔


’’اسلام آباد کا محاصرہ‘‘ آئینی حق نہیں

اسلام آباد ہائیکورٹ نے واضح کیا کہ احتجاج اور سیاسی اجتماع کے آئینی حق کو اس حد تک نہیں بڑھایا جا سکتا کہ وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کی زندگی، کاروبار، تعلیم، علاج یا آمدورفت مفلوج ہو جائے۔

یعنی:

احتجاج کا حق، محاصرے کا حق نہیں۔

مگر یہی اصول اگلا سوال بھی پیدا کرتا ہے:

اگر احتجاج کرنے والا سڑک بند نہیں کر سکتا تو ریاست بھی شہری کے بنیادی حق کو غیر ضروری طور پر کیسے محدود کر سکتی ہے؟


ریاستی کنٹینر بندی — آئینی سوال اب حکومت کے سامنے بھی ہے

یہاں یہ وضاحت ضروری ہے کہ عدالت نے ہر سکیورٹی رکاوٹ یا ہر کنٹینر کی تنصیب کو ازخود غیر قانونی قرار نہیں دیا۔

ریاست کو سکیورٹی برقرار رکھنے اور قانون نافذ کرنے کا اختیار حاصل ہے۔

لیکن سوال یہ ہے:

اس اختیار کی قانونی بنیاد کیا ہے؟

رکاوٹ کی ضرورت کیا ہے؟

اس کی مدت کتنی ہے؟

کیا یہ اقدام متناسب ہے؟

نجی املاک کے استعمال یا تحویل کی قانونی اجازت کہاں سے حاصل ہوتی ہے؟

اور اگر نجی ملکیت استعمال کی گئی ہے تو معاوضے کا طریقہ کار کیا ہے؟

یہ وہ سوالات ہیں جن کا جواب اب محض پریس ریلیز سے نہیں دیا جا سکتا۔


ہر کنٹینر کے پیچھے ایک کاروبار ہے

ایک کنٹینر محض لوہے کا ڈبہ نہیں۔

وہ کسی تاجر کی سرمایہ کاری ہے۔

کسی ٹرانسپورٹر کا کاروبار ہے۔

کسی ڈرائیور کی روزی ہے۔

کسی کلینر کا روزانہ اجرتی ذریعۂ معاش ہے۔

کسی کمپنی کی تجارتی ذمہ داری ہے۔

اور کسی دوسری جگہ پہنچنے والے سامان کی ترسیل کا ذریعہ ہے۔

جب اسے کئی دن تک کاروباری استعمال سے باہر کر دیا جائے تو نقصان صرف گاڑی کے مالک تک محدود نہیں رہتا۔

اس میں شامل ہو سکتے ہیں:

فریٹ کی آمدن کا نقصان،

گاڑی کے کھڑے رہنے کے اخراجات،

ڈرائیور اور عملے کی اجرت،

مقررہ مال برداری کی منسوخی،

ترسیل میں تاخیر،

معاہداتی جرمانے،

واپسی کے سفر کا نقصان،

گودام اور اسٹوریج کے اضافی اخراجات،

خراب ہونے والے مال کا نقصان،

اور پورے سپلائی چین میں خلل۔


یہ نقصان کون گن رہا ہے؟

یہاں سب سے اہم سوال ہے:

کیا وزارت داخلہ نے کبھی حساب لگایا کہ ایک دن کے لیے کتنے نجی کنٹینر روکنے سے قومی معیشت کو کتنا نقصان پہنچتا ہے؟

کیا اسلام آباد انتظامیہ نے کوئی معاشی تخمینہ تیار کیا؟

کیا وزارت خزانہ کو اس نقصان سے آگاہ کیا گیا؟

کیا ٹرانسپورٹ سیکٹر سے مشاورت کی گئی؟

کیا یہ دیکھا گیا کہ ایک کنٹینر کے رکنے سے اس کے بعد آنے والی پوری سپلائی چین پر کیا اثر پڑتا ہے؟

یا ریاستی مشینری کا مفروضہ یہ ہے کہ نقصان ہمیشہ شہری برداشت کرے گا؟


سپریم کورٹ کا اہم سابقہ

یہاں سپریم کورٹ پاکستان کا ایک اہم فیصلہ بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

C.A. Nos. 1476–1485 of 2018 اور متعلقہ مقدمات میں سپریم کورٹ نے نجی گاڑیوں کی requisition کے معاملے پر غور کرتے ہوئے واضح کیا کہ متعلقہ حالات میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 42 نجی گاڑیوں کی requisition کا اختیار فراہم نہیں کرتی تھی اور نجی گاڑیوں کو عوامی مفاد میں معاوضے کے ساتھ استعمال کرنے کے لیے قانون اور آئین کے آرٹیکل 24 کے تقاضوں پر بھی توجہ دی گئی

یہ فیصلہ موجودہ تمام کنٹینر کیسز کو ازخود غیر قانونی قرار نہیں دیتا۔

لیکن ایک بنیادی قانونی سوال ضرور کھڑا کرتا ہے:

نجی شہری کی تجارتی ملکیت کو ریاستی مقصد کے لیے استعمال یا تحویل میں لینے کا واضح قانونی اختیار کہاں ہے؟

اور اگر قانون معاوضے کا تقاضا کرتا ہے تو:

معاوضہ کون دے گا؟


سکیورٹی کا خرچ ریاست دے یا شہری؟

ریاست کو سکیورٹی کی ضرورت ہو سکتی ہے۔

انتظامیہ کو راستے بند کرنے کی ضرورت بھی کسی مخصوص اور حقیقی خطرے کی صورت میں پیدا ہو سکتی ہے۔

مگر سوال یہ ہے:

کیا سکیورٹی کی قیمت بھی اسی شہری سے وصول کی جائے جس کی حفاظت کے نام پر سکیورٹی انتظام کیا جا رہا ہے؟

اگر نجی گاڑی کئی دن کھڑی رہتی ہے تو مالک کا کاروبار رک جاتا ہے۔

اگر ڈرائیور گاڑی نہیں چلا رہا تو اس کی آمدن متاثر ہوتی ہے۔

اگر سامان وقت پر نہیں پہنچتا تو خریدار متاثر ہوتا ہے۔

اگر ادویات تاخیر کا شکار ہوتی ہیں تو مریض متاثر ہوتا ہے۔

اور اگر سینکڑوں گاڑیاں رک جائیں تو قومی تجارت متاثر ہوتی ہے۔

کنٹینر سڑک پر رکا ہوتا ہے، مگر اس کا معاشی نقصان پورے نظام میں سفر کرتا ہے۔


سپریم کورٹ کا چیک پوسٹ اور رکاوٹوں سے متعلق سابقہ مؤقف

یہ معاملہ سپریم کورٹ کے سابقہ احکامات کی روشنی میں بھی اہم ہے۔

2018 میں سپریم کورٹ نے پشاور میں غیر ضروری چیک پوسٹوں اور رکاوٹوں کے خاتمے کے احکامات جاری کیے تھے، جس کے نتیجے میں متعدد چیک پوسٹیں ہٹائی گئیں اور عوامی آمدورفت بحال ہوئی۔

عدالت کا اصول یہ نہیں تھا کہ ہر سکیورٹی چیک پوسٹ غیر قانونی ہے۔

بلکہ بنیادی اصول یہ تھا کہ:

سکیورٹی کی ضرورت شہریوں کی غیر ضروری نقل و حرکت کو مستقل طور پر مفلوج کرنے کا لائسنس نہیں بن سکتی۔

یہی اصول آج اسلام آباد کی موجودہ صورتحال پر بھی ایک اہم سوال بن کر سامنے آتا ہے۔


عوامی عہدیدار بھی آئین سے بالاتر نہیں

اسلام آباد ہائیکورٹ کے حالیہ فیصلے کا ایک اہم ترین پہلو عوامی عہدیداروں کی ذمہ داری سے متعلق ہے۔

اگر کسی سرکاری عہدیدار کا اقدام شہریوں کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کا سبب بنتا ہے تو عدالت نے اس کے آئینی نتائج، بشمول حلف کی خلاف ورزی کے پہلو، کو بھی واضح کیا ہے۔

یہ معمولی مشاہدہ نہیں۔

یہ ریاستی انتظامیہ کے لیے ایک آئینی یاد دہانی ہے:

اختیار عہدے سے آتا ہے، آئین سے بالاتر ہونے کا حق نہیں۔


اور اب ایک بڑا قومی سوال: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کیا یہ سب دیکھ رہے ہیں؟

یہ سوال سیاسی مداخلت کے مطالبے کے طور پر نہیں بلکہ قومی انتظامی ذمہ داری کے تناظر میں اٹھایا جانا چاہیے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اس وقت چیف آف آرمی اسٹاف کے ساتھ بیک وقت چیف آف ڈیفنس فورسز کی ذمہ داری بھی انجام دے رہے ہیں۔

ایسے وقت میں جب ملک معاشی دباؤ، کاروباری مشکلات اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اثرات سے دوچار ہے، کیا اعلیٰ ترین سطح پر کسی نے یہ جائزہ لیا ہے کہ دارالحکومت کو محفوظ بنانے کے نام پر نجی ٹرانسپورٹ، تجارت، سپلائی چین اور عام شہری کی روزی روٹی پر مجموعی بوجھ کتنا پڑ رہا ہے؟

یہ سوال کسی عسکری ادارے کو سول انتظامیہ کے کام میں مداخلت کی دعوت نہیں۔

یہ صرف ایک قومی سوال ہے:

کیا کسی اعلیٰ سطح پر یہ حساب بھی مانگا جا رہا ہے کہ اس تمام انتظامی کارروائی کی مجموعی معاشی قیمت کیا ہے؟

اور اگر غیر ضروری نقصان ہو رہا ہے تو:

اصلاحی اقدام کون کرے گا؟


اب حکومت سے چند سیدھے سوالات

نجی کنٹینرز کو تحویل میں لینے کا قانونی اختیار کس قانون کے تحت استعمال کیا گیا؟

کتنے کنٹینر اور کتنی گاڑیاں زیرِ حراست یا استعمال میں ہیں؟

انہیں کتنے دنوں کے لیے روکا گیا؟

کتنے کنٹینرز میں تجارتی سامان موجود تھا؟

کتنے کنٹینرز میں ادویات یا دیگر حساس اشیاء تھیں؟

مالکان کو روزانہ ہونے والے نقصان کا تخمینہ کیا ہے؟

ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹ ورکرز کی آمدن کے نقصان کا حساب کیا گیا؟

تاخیر سے پہنچنے والی ترسیلات کے ذمہ دار کون ہوں گے؟

اگر سامان خراب ہوا تو نقصان کون برداشت کرے گا؟

کیا کوئی معاوضہ طریقۂ کار موجود ہے؟

اور اگر موجود ہے تو اس کی قانونی بنیاد کیا ہے؟


یہ صرف پی ٹی آئی بمقابلہ حکومت نہیں

اصل مسئلہ اس سے کہیں بڑا ہے۔

یہ معاملہ کسی ایک سیاسی جماعت کے حق یا مخالفت کا نہیں۔

پی ٹی آئی کو بھی آئین اور قانون کی پابندی کرنا ہوگی۔

وفاقی حکومت کو بھی آئین اور قانون کی پابندی کرنا ہوگی۔

صوبائی حکومتوں کو بھی آئین اور قانون کی پابندی کرنا ہوگی۔

پولیس اور سول انتظامیہ کو بھی آئین اور قانون کے اندر رہنا ہوگا۔

اور ہر عوامی عہدیدار اپنے آئینی حلف کا پابند ہے۔

آئین کسی ایک فریق کا نہیں۔

آئین شہری کا ہے۔


کنٹینرز یا آئین؟

اسلام آباد ہائیکورٹ نے اصول بیان کر دیا ہے۔

اب اصل امتحان عمل درآمد کا ہے۔

اگر سیاسی کارکن سڑک بند کرکے شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر نہیں کر سکتے تو انتظامیہ کو بھی اپنے ہر غیر معمولی اقدام کے لیے قانون، ضرورت، تناسب اور جواب دہی کی بنیاد دکھانا ہوگی۔

اگر احتجاج سیاسی مقاصد کے لیے ریاستی مشینری استعمال نہیں کر سکتا تو نجی شہریوں کے اثاثے بھی محض انتظامی سہولت کے لیے بلاجواز استعمال نہیں ہونے چاہئیں۔

اگر شہری کی آزادیِ نقل و حرکت بنیادی حق ہے تو یہ حق اس وقت بھی بنیادی حق رہے گا جب رکاوٹ سیاسی کارکن نہیں بلکہ سرکاری اہلکار کھڑی کر رہا ہو۔

ریاست کو سکیورٹی چاہیے — شہری کو آئین۔

دونوں ایک دوسرے کی ضد نہیں ہونے چاہئیں۔

لیکن اگر سکیورٹی کے نام پر شہری کا کاروبار، ملکیت، روزگار، علاج، تعلیم اور نقل و حرکت ہی ختم کردی جائے تو پھر سوال اٹھے گا:

یہ تحفظ کس کا ہے اور قیمت کون ادا کر رہا ہے؟

کنٹینر لوہے کا ہوتا ہے۔

مگر اس کے پیچھے کسی کا کاروبار ہوتا ہے۔

کسی کی سرمایہ کاری ہوتی ہے۔

کسی ڈرائیور کی روزی ہوتی ہے۔

کسی خاندان کا چولہا ہوتا ہے۔

کسی مریض کی دوا ہوتی ہے۔

اور کسی صنعت کی سپلائی چین ہوتی ہے۔

ریاستی اختیار کا مطلب شہری کی ملکیت کو بے قیمت سمجھنا نہیں۔

سکیورٹی کا مطلب شہری کو بے اختیار کرنا نہیں۔

اور سیاسی احتجاج کا مطلب شہری کو یرغمال بنانا نہیں۔

آخرکار سوال صرف اتنا ہے:

کیا پاکستان میں آئین سب کے لیے ایک ہے؟

اگر جواب ہاں ہے تو پھر نہ سیاسی جماعت کو شہریوں کے بنیادی حقوق روندنے کی اجازت ہونی چاہیے، نہ ریاست کو محض انتظامی سہولت کے نام پر وہی حقوق غیر ضروری طور پر محدود کرنے کی۔

کنٹینرز سڑکیں بند کر سکتے ہیں۔

مگر انہیں آئین کا راستہ بند نہیں کرنا چاہیے۔

کنٹینرز یا آئین؟ فیصلہ کن سوال یہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں