ننکانہ کی ترقی میں کوئی غفلت برداشت نہیں ہوگی
ننکانہ کی ترقی میں غفلت برداشت نہیں، بیوٹی فکیشن اور ترقیاتی منصوبوں کا معیار ہر صورت یقینی بنایا جائے گا: رانا محمد ارشد
ننکانہ صاحب (بیورو چیف )
نائب صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب اور چیف وہپ پنجاب اسمبلی رانا محمد ارشد ایم پی اے نے غیور ہاؤس ننکانہ صاحب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ننکانہ صاحب کی بیوٹی فکیشن کے لیے 13 کروڑ روپے، سانگلہ ہل کے لیے 5 کروڑ روپے اور شاہکوٹ کے لیے 9 کروڑ روپے کے فنڈز منظور کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کونسل، تحصیل کونسل، اسسٹنٹ کمشنر آفس، ڈپٹی کمشنر آفس اور دیگر تمام متعلقہ ایگزیکیوٹنگ ایجنسیوں کو پیپرا رولز اور حکومتی ہدایات کے مطابق منصوبوں پر عملدرآمد یقینی بنانا چاہیے۔
رانا محمد ارشد نے کہا کہ ٹھیکیداروں کو معاہدوں کی شرائط و ضوابط کے مطابق بروقت اور معیاری کام مکمل کرنا چاہیے۔ ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے اور کام کی مسلسل نگرانی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی متعلقہ اداروں اور ایگزیکیوٹنگ ایجنسیوں سے کارکردگی کے بارے میں جواب طلب کریں گے جبکہ میڈیا کو بھی عوامی مفاد میں ان منصوبوں کی نگرانی کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور قائد محمد نواز شریف کے چاہنے والوں کا شہر ہے۔ اگر ضلعی انتظامیہ اور مختلف محکمے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو ان کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، تاہم جہاں بہتری کی ضرورت ہو وہاں رہنمائی حاصل کر کے معاملات کو درست کیا جانا چاہیے۔
رانا محمد ارشد نے کہا کہ سیکرٹری پبلک ہیلتھ نورالامین مینگل کے حالیہ دورہ کے دوران متعدد منصوبوں کے بارے میں ہدایات جاری کی گئیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ ترقیاتی منصوبوں میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر تمام امور مکمل طور پر درست ہوتے تو مزید ہدایات دینے کی ضرورت پیش نہ آتی۔
انہوں نے ضلعی کارکردگی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ننکانہ صاحب کا صوبائی درجہ بندی میں 28ویں نمبر پر آنا تشویشناک ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سیاسی ٹیم اور ضلعی انتظامیہ دونوں کے لیے یہ قابل غور معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے لیے سیاسی قیادت اور انتظامیہ کو باہمی ہم آہنگی کے ساتھ مزید محنت کرنا ہوگی تاکہ ترقیاتی منصوبوں کا معیار اور رفتار بہتر بنائی جا سکے۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کا ذکر کرتے ہوئے رانا محمد ارشد نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے ایک لاکھ 84 ہزار ورکرز نے دن رات محنت کر کے آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگایا، جس پر وہ تمام کارکنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی شہری کو کسی ٹھیکیدار یا ایل ڈبلیو ایم سی کے عملے سے متعلق کوئی شکایت ہو تو اس کی نشاندہی کی جائے تاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے ننکانہ صاحب، شاہکوٹ اور سانگلہ ہل کے ٹراما سنٹرز کے لیے 59 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کر دیے ہیں۔ انہوں نے سی ای او ہیلتھ ضلع ننکانہ کو ہدایت کی کہ تمام ٹراما سنٹرز کو جلد از جلد فعال اور قابل استعمال بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر اور بروقت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
رانا محمد ارشد نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سڑکوں کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے ہر رکن صوبائی اسمبلی کو 28 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز فراہم کیے ہیں، جن کے ذریعے عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔