پاسپورٹ سروسز کے اوقات کار میں اضافہ
*رات گئے تک پاسپورٹ دفاتر کھلے رہیں گے، شہریوں کے لیے بڑی سہولت کا اعلان*
اسلام آباد(: نمائندہ خصوصی )پاسپورٹ بنوانے اور تجدید کرانے والے شہریوں کے لیے خوشخبری، پاسپورٹ سروسز کے اوقات کار میں بڑا اضافہ کر دیا گیا۔ ملک کے 8 بڑے علاقائی پاسپورٹ دفاتر میں ڈبل شفٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے بعد شہری اب رات گئے تک پاسپورٹ سے متعلق امور نمٹا سکیں گے۔
ڈبل شفٹ پالیسی کا باقاعدہ اطلاق 20 اگست سے کر دیا گیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت پاسپورٹ دفاتر صبح 8 بجے سے رات 12 بجے تک شہریوں کو سہولیات فراہم کریں گے۔
پہلی شفٹ صبح 8 بجے سے شام 4 بجے جبکہ دوسری شفٹ شام 4 بجے سے رات 12 بجے تک جاری رہے گی۔
پاسپورٹ دفاتر کے اوقات کار میں اضافے کو شہریوں کے لیے اہم ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔ خصوصاً ملازمت پیشہ افراد، طلبہ اور دن کے اوقات میں مصروف رہنے والے شہری اب شام اور رات کے اوقات میں بھی پاسپورٹ سے متعلق خدمات حاصل کر سکیں گے۔
ڈبل شفٹ کے اقدام سے نہ صرف شہریوں کو اضافی وقت میسر آئے گا بلکہ پاسپورٹ دفاتر میں بڑھتے ہوئے رش کو کم کرنے اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں بھی مدد ملنے کی توقع ہے۔