سپارکو پلازہ سب جیل کرار

*اسلام آباد میں بڑا اقدام،* *اسپارکو پلازہ کو سب جیل قرار دے دیا گیا*

*از قلم: رانا تصدق حسین*

*اسلام آباد -* اسلام آباد میں نئی سب جیل قائم، ایف آئی اے کے ملزمان کیلئے گلبرگ گرینز کا اسپارکو پلازہ لاک اپ میں تبدیل، سیکیورٹی سے ریکارڈ تک تمام اختیارات ڈی جی ایف آئی اے کے سپرد، حکم نامہ فوری نافذ

اسلام آباد میں اہم ترین سرکاری پیش رفت، وفاقی دارالحکومت میں واقع اسپارکو پلازہ، گلبرگ گرینز کو باضابطہ طور پر سب جیل / لاک اپ قرار دے دیا گیا۔

چیف کمشنر اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری نے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔

سرکاری دستاویز کے مطابق یہ نوٹیفکیشن نمبر No.16(11)-Home/2025 کے تحت 11 اگست 2026 کو جاری کیا گیا ہے، جو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کے مراسلہ نمبر 6(18)-RDM/2026 مورخہ 11 اگست 2026 کی درخواست پر جاری کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ چیف کمشنر اسلام آباد نے یہ اقدام ضابطہ فوجداری 1860 کی دفعہ 541، جیل ایکٹ 1894 کی دفعہ 3، وزارت انصاف و پارلیمانی امور کے نوٹیفکیشن نمبر F.17(2)/80-Pub مورخہ 31 دسمبر 1980 جو اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (ایڈمنسٹریشن) آرڈر 1980 (پی او نمبر 18 آف 1980) کے آرٹیکل 2 کے تحت جاری ہوا تھا، اور دیگر تمام قانونی اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے کیا ہے۔

ان اختیارات کے تحت SPARCO Plaza, Gulberg Greens کو سب جیل / لاک اپ ڈکلیئر کیا گیا ہے جہاں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے گرفتار کردہ افراد کو رکھا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کی شق نمبر 2 کے مطابق سب جیل اور اس میں بند افراد کی سیکیورٹی کی مکمل ذمہ داری ڈائریکٹر جنرل، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی، اسلام آباد پر ہوگی، جبکہ تمام ریکارڈ کی دیکھ بھال ایف آئی اے کے بی پی ایس 17 سے کم رینک نہ رکھنے والے نامزد افسر کے ذمے ہوگی۔

شق نمبر 3 کے مطابق یہ نوٹیفکیشن فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور اگلے احکامات تک برقرار رہے گا۔

یہ حکم نامہ بحکم چیف کمشنر، اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری جاری ہوا ہے جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر (ایڈمن) چوہدری محمد افضل کے دستخط ثبت ہیں۔

نوٹیفکیشن کی نقول سیکرٹری وزارت داخلہ و انسداد منشیات، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے، انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد، سیکشن آفیسر (ICT-II) وزارت داخلہ اور مرکزی نوٹیفکیشن فائل کو ارسال کر دی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں