ڈپٹی کمشنر ننکانہ کے طوفانی دورے
ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب کا سانگلہ ہل میں ترقیاتی سکیموں کا جائزہ، مختلف منصوبوں اور سرکاری اداروں کے دورے
ننکانہ صاحب:( ناصر بیگ ) 06جولائی 2026۔۔۔۔۔۔۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر سانگلہ ہل میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں کے افسران نے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے منصوبوں کی بروقت تکمیل، شفافیت اور معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس کے بعد ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سانگلہ ہل کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے مریضوں کی عیادت کی، لواحقین سے علاج معالجے کی فراہمی، ڈاکٹرز و عملے کی حاضری، ادویات کے اسٹاک سمیت عوامی سہولتوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے عوامی سہولت مرکز اور دیگر متعلقہ شعبہ جات کا جائزہ لیا اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے لیے مختلف سائٹس کا دورہ کیا۔ انہوں نے منصوبوں پر جاری کام، معیارِ تعمیر اور رفتار کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ افسران سے پیش رفت بارے آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیے جائیں تاکہ عوام ان کے ثمرات سے جلد از جلد مستفید ہو سکیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور ضلعی انتظامیہ ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام وسائل بروئے کار لا کر عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔دوران وزٹ اسسٹنٹ کمشنر سانگلہ ہل اسامہ امانت، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اکرم وٹو، سابق ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری طارق محمود باجوہ سمیت دیگر افسران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے