دہشت کی علامت ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے

جڑانوالہ( کرائم رپورٹر)فیصل آباد، لاہور اور ننکانہ صاحب شیخوپورہ چکوال سمیت مختلف اضلاع میں خوف کی علامت سمجھے جانے والے خطرناک ڈاکو ظفر عرف ظفری کا باب بند*
پنجاب کے مختلف اضلاع خصوصا فیصل آباد، لاہور اور ننکانہ صاحب میں دہشت اور خوف کی علامت سمجھے جانے والے خطرناک ڈاکو ظفر عرف ظفری سکنہ 570 گ ب اپنے انجام کو پہنچ گیا۔ ملزم گزشتہ رات تھانہ صدر جڑانوالہ کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہو گیا

پولیس ریکارڈ کے مطابق ظفر عرف ظفری ایک عادی اور خطرناک جرائم پیشہ ملزم تھا جس کے خلاف 29 سے زائد سنگین مقدمات درج تھے۔ ان مقدمات میں ڈکیتی، راہزنی، اقدام قتل، پولیس مقابلہ، ناجائز اسلحہ، چوری اور دیگر سنگین جرائم شامل تھے۔ ملزم مختلف اوقات میں تھانہ صدر جڑانوالہ، سٹی جڑانوالہ، بلوچنی، صدر تاندلیانوالہ، سٹی تاندلیانوالہ اور دیگر تھانوں کو متعدد مقدمات میں مطلوب رہا۔

ذرائع کے مطابق ملزم نے کچھ عرصہ قبل جڑانوالہ کے ایک تاجر کی مل سے تقریباً 2 کروڑ روپے کی ڈکیتی کی واردات میں بھی مبینہ کردار ادا کیا تھا، جس کے بعد وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہٹ لسٹ پر شامل تھا

گزشتہ رات شہریوں کو لوٹنے کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ صدر جڑانوالہ اعجاز رشید ڈاہر اپنی ٹیم کے ہمراہ فوری طور پر موقع پر پہنچے۔ پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کی۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد خطرناک ڈاکو ظفر عرف ظفری زخمی حالت میں ملا، جو مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آیا تھا۔

زخمی ملزم کو فوری طور پر ٹی ایچ کیو ہسپتال جڑانوالہ منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

شہری حلقوں اور تاجر برادری نے اس کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او اعجاز رشید ڈاہر اور ان کی ٹیم کی جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اعجاز رشید ڈاہر نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کرکے عوام کے دل جیت لیے ہیں اور ایک انتہائی مطلوب خطرناک ملزم کے خاتمے سے علاقے میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہوگی۔

پولیس نے فرار ہونے والے ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں