قیامت خیز گرمی کے وار جاری

کراچی (بیورو چیف) قیامت خیز گرمی : محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 48 ڈگری تک جا پہنچا*
کراچی : شہر قائد میں محسوس کیا جانے والا درجہ حرارت 48 ڈگری تک جا پہنچا، اگرچہ اصل درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کراچی شدید گرمی اور حبس کی لپیٹ میں ہے جس نے شہریوں کو بے حال کر دیا ہے، محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، لیکن ہوا میں نمی کا تناسب انتہائی زیادہ ہونے کی وجہ سے گرمی کی شدت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہرِ قائد میں گرمی کی اصل وجہ ہوا میں نمی کا زیادہ تناسب ہے جو اس وقت 61 فیصد تک پہنچ چکا ہے، نمی زیادہ ہونے کی وجہ سے پسینہ نہیں سوکھ رہا اور شدید حبس کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
طبی ماہرین نے موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ دوپہر کے وقت بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔ باہر نکلتے وقت سر کو ڈھانپ کر رکھیں اور ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لیے پانی اور او آر ایس کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔