پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما انتقال کر گئں

راولپنڈی ( عابد منہاس )
پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما فوزیہ حبیب انتقال کر گئیں، نمازِ جنازہ آج رات اسلام آباد میں ادا کی جائے گی

پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما، سابق رکن قومی اسمبلی، سابق وفاقی وزیر اور صدر پاکستان جناب آصف علی زرداری کی اسسٹنٹ پولیٹیکل سیکرٹری محترمہ فوزیہ حبیب انتقال کر گئی ہیں ان کے انتقال پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے پارٹی کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان قرار دیا ہے

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما، ممبر سی ای سی، صدر آصف علی زرداری کے سیاسی امور کے ترجمان اور سابق ایم ڈی پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ، انجم فاروق پراچہ، سردار ناصر خان، سردار قدوس، چوہدری افتخار احمد، راجہ محمد علی منہاس، خواجہ امتیاز احمد، چوہدری افتخار احمد، ملک ایوب، ملک فہیم قیصر، راجہ فرحان خالد، رخسار دھنیال، شیخ اعجاز، عابد مغل، سید حسن شیرازی، فرخ اسماعیل، یاسر چوہان اور حافظ نواز کوہستانی نے اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں کہا کہ فوزیہ حبیب کا شمار شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے انتہائی بااعتماد، قریبی اور وفادار سیاسی ساتھیوں میں ہوتا تھا

رہنماؤں نے کہا کہ فوزیہ حبیب کو پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستگی اپنے والد، مرحوم کرنل (ر) حبیب سے ورثے میں ملی تھی جس پر وہ آخری سانس تک ثابت قدم رہیں آمریت کے دور میں انہوں نے ہر قسم کے جبر و استبداد کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور جمہوریت، آئین اور عوامی حقوق کے لیے مسلسل جدوجہد جاری رکھی راولپنڈی میں انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے پلیٹ فارم سے عوامی خدمت اور کارکنوں کی رہنمائی میں ہمیشہ فعال کردار ادا کیا

تعزیتی بیان میں عامر فدا پراچہ، چوہدری افتخار احمد، سردار ناصر خان، سردار قدوس، راجہ محمد علی منہاس نے مزید کہا کہ فوزیہ حبیب کی وفاداری، نظریاتی وابستگی، جمہوریت سے محبت اور پارٹی کے لیے بے مثال خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ان کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہیں ہو سکے گا اور وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور رہنماؤں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی

رہنماؤں نے مرحومہ کے درجات کی بلندی، مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی

مرحومہ فوزیہ حبیب کی نمازِ جنازہ آج بروز اتوار، 5 جولائی، رات 10:00 بجے اسلام آباد کے ایچ-8 قبرستان کی جنازہ گاہ میں ادا کی جائے گی جس کے بعد انہیں ان کے والد مرحوم کرنل (ر) حبیب کے پہلو میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
جاری کردہ
راجہ محمد علی منہاس
پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں