راولپنڈی( بیورو رپورٹ )نجی ہسپتال کی نرس سے اجتماعی زیادتی اور نازیبا ویڈیو بنا کر بلیک میل کرنے کا مقدمہ درج، ملزمان کی تلاش شروع
دعا کے لیے جانے والی خاتون کو مسلح افراد نے یرغمال بنایا، دو ہفتے قبل ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکیاں ملنے پر متاثرہ نرس نے پولیس سے رجوع کر لیا
خصوصی رپورٹ راولپنڈی کے علاقے دھمیال میں ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک مقامی ہسپتال میں خدمات سرانجام دینے والی نرس کو گینگ ریپ کا نشانہ بنانے کے بعد اس کی نازیبا ویڈیوز بنا کر بلیک میل کیا جاتا رہا۔ تھانہ دھمیال پولیس نے قانون حرکت میں لاتے ہوئے متاثرہ خاتون کی مدعیت میں سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ ہولناک واقعہ رواں سال فروری کے آخری ہفتے میں پیش آیا تھا۔ متاثرہ نرس نے پولیس کو دیے گئے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ فروری میں ایک مقامی دربار پر دعا مانگنے کے لیے گئی تھی۔ اسی دوران دو نامعلوم مسلح افراد وہاں نمودار ہوئے اور انہوں نے اسلحے کے زور پر خاتون کو اغوا کیا اور قریبی پہاڑی سلسلے کی طرف لے گئے۔
دورانِ زیادتی ویڈیو بنانے اور بلیک میلنگ کا انکشاف
مقدمے کے متن کے مطابق دونوں مسلح درندوں نے بے بسی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نرس کو باری باری اپنی ہوس کا نشانہ بنایا اور اس گھناؤنے فعل کے دوران موبائل فون سے نازیبا ویڈیو بھی ریکارڈ کر لی۔ ملزمان نے جرم کے فوراً بعد نرس کو جان سے مارنے کی دھمکی دی اور کہا کہ اگر اس نے کسی کو بھی اس واقعے کے بارے میں بتایا تو وہ یہ شرمناک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کر کے اسے کہیں کا نہیں چھوڑیں گے۔ صدمے اور بدنامی کے خوف کے باعث متاثرہ خاتون طویل عرصے تک خاموش رہی۔
ملزمان کی شناخت اور تازہ دھمکیاں
پولیس رپورٹ کے مطابق ملزمان کی شناخت عاقب گل ویز اور عاشق ریز کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ایف آئی آر (FIR) میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اس لرزہ خیز واقعے کے مہینوں بعد، تقریباً دو ہفتے قبل، ملزم عاقب گل ویز نے متاثرہ نرس کو دوبارہ فون کیا اور ایک بار پھر ویڈیو انٹرنیٹ پر اپ لوڈ کرنے کی سنگین دھمکیاں دیں، جس پر مجبور ہو کر خاتون نے اپنی خاموشی توڑی اور قانون کا دروازہ کھٹکھٹایا۔
پولیس کی کارروائی کا آغاز
مقامی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نرس کی درخواست پر مقدمہ باقاعدہ طور پر درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ ملزمان کے خفیہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انہیں بہت جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا تاکہ متاثرہ خاتون کو مکمل انصاف فراہم کیا جا سکے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔اسلام اباد ٹوڈے