پولیس نا اہلی چکلالہ میں چور بے لگام
چکلالہ میں چور بے لگام: پولیس چوکی کے سائے تلے تیسری بڑی چوری، شہری ا دہائیاں دینے لگا
راولپنڈی (سردار ظہیر کرائم سیل): تھانہ چکلالہ کی حدود میں چوروں نے پولیس کا خوف ہوا میں اڑا دیا۔ وزیر ٹاؤن کچی پہاڑی کے علاقے میں قائم پولیس چوکی کے بالکل ساتھ واقع گھروں میں چوری کی پے در پے وارداتوں نے امن و امان کی صورتحال پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیر ٹاؤن گلی نمبر 2 کے رہائشی ریاض نامی شہری کے گھر چوروں نے ایک سال کے دوران تیسری بار دھاوا بول دیا۔ متاثرہ شہری نے اسلام اباد ٹوڈے میڈیا کو روتے ہوئے بتایا کہ عید سے ایک دن پہلے جب وہ رات 8 سے 9 بجے کے درمیان گھر پہنچا تو چور کھڑکی کاٹ کر اندر داخل ہو چکے تھے اور گھر میں موجود نقدی اور قیمتی سامان کا صفایا کر چکے تھے۔متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ پولیس چوکی کے بالکل پاس رہنے کے باوجود وہ محفوظ نہیں ہیں۔ واردات کے فوری بعد چوکی میں درخواست دائر کی گئی، لیکن روایتی سستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولیس نے تاحال نہ تو کارروائی کا آغاز کیا اور نہ ہی درخواست کا ‘ای ٹیگ’ (روزنامچہ انٹری) فراہم کیا۔ غریب شہری کا کہنا ہے کہ وہ بچوں کے مستقبل کے لیے پائی پائی جوڑ رہا تھا جسے چور لوٹ کر لے گئے اور اب انصاف کے لیے چوکی کے چکر کاٹ کر تھک چکے ہیں۔منشیات فروشی اور اوباش لڑکوں کا راج اہلِ علاقہ نے انکشاف کیا ہے کہ پولیس چوکی کی گرفت کمزور ہونے کی وجہ سے علاقے میں اوباش لڑکوں کے ڈیرے لگ چکے ہیں۔ نہ صرف چوریاں عام ہیں بلکہ علاقے میں آئس اور دیگر منشیات کا مکروہ دھندہ عروج پر پہنچ چکا ہے، جس سے نئی نسل تباہ ہو رہی ہے۔سی پی او راولپنڈی سے اپیل متاثرہ شہری ریاض اور اہل محلہ نے سی پی او راولپنڈی سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ چکلالہ چوکی کی نااہلی کا نوٹس لیں، چوری شدہ کیش اور سامان فوری بازیاب کروایا جائے اور علاقے کو منشیات فروشوں اور چوروں کے رحم و کرم پر چھوڑنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔