راولپنڈی،اسلام آباد کرائم ڈائری(عابد منہاس ) راولپنڈی کے شہری 2روزکے دوران مختلف وارداتوں میں ایک گاڑی ،رکشے ،20موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز،نقدی اور دیگر اشیاء سے محروم ہوگئے ،گن پوائنٹ پر متعدد ڈکیتیاں،شہری لاکھوں روپوں،موبائل فونز ودیگر اشیاء سے محروم ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں دودنوں میں 9موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات اور نقدی وغیرہ سے شہریوں کو ہاتھ دھونے پڑے اور راولپنڈی میں شہری 11موٹرسائیکلوں ،گاڑی اور رکشہ سے محروم اور لاکھوں روپے ،طلائی زیورات،موبائل فونز و قیمتی اشیاء بھی لوٹ لی گئیں۔تھانہ نصیر آباد کے علاقہ میں فائرنگ کرکے 25 سالہ نوجوان کو بیدردی سے قتل کر دیا گیا، مقتول کی شناخت 25 سالہ عمران ولد افتخار کے نام سے ہوئی جو خیبر پختونخوا کے ضلع مردان کا رہائشی تھا۔ذرائع کے مطابق عمران پیر اورنگزیب ٹاؤن میں واقع اپنے ماموں کے گھر سے نکل کر اپنی خالہ کے گھر جا رہا تھا جیسے ہی وہ اینٹوں کے بھٹے کے قریب پہنچا، تو نامعلوم مسلح افراد نے اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ ادھر تھانہ روات کے علاقہ میں 70سالہ شخص کنویں میں گرکرجاں بحق ہوگیا۔اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشنز کے دوران ایک افغان شہری سمیت 19مشکوک افرادکو حراست میں لے لیاگیا، سرچ آپریشنز کے دوران 380 افراد، 185گھروں ، 22ہوٹلز،90 دکانیں،162موٹر سائیکلوں اور63گاڑیوں کو چیک کیاگیا۔ کویت سےڈی پورٹ ہوکر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے والے مسافر کو گرفتار کر لیاگیا، ایف آئی اے حکام کے مطابق 2جون 2026کو کویت سے آنے والی پرواز جے9511کے ذریعے ایک پاکستانی شہری شاورنگ ولد میرام شاہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا ،جس کو کویتی حکام نے سعودی عرب کی سرحد سے غیر قانونی طور پر کویت میں داخل ہونے کے الزام میں گرفتار کرنے کے بعد ڈی پورٹ کیا تھا۔

Load/Hide Comments