مبینہ قاتل سے جیل میں فون برأمد

راولپنڈی،اسلام آباد کرائم ڈئری (عابد منھاس )راولپنڈی پولیس نے3 گروہوں کے 6 ارکان کو گرفتار کرکے 13 مسروقہ موٹر سائیکل،ایک رکشہ،28 ہزار400 روپے اور 2موبائل فون برآمد کرلئے، ، تھانہ بنی پولیس نے دو رکنی گینگ کو گرفتار کرکے مسروقہ رکشہ،2 مسروقہ موٹر سائیکل اورچھینے گئے موبائل فون کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم برآمد کی، وارث خان پولیس نے دو رکنی گینگ کو گرفتار کرکے 6 مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کئے، جبکہ چکلالہ پولیس نے دو رکنی گینگ کو گرفتار کر کے 5مسروقہ موٹر سائیکل،رقم و دیگر سامان اور اسلحہ برآمد کیا۔ اسلام آباد پولیس گرینڈ کومبنگ اینڈسرچ آپریشن میں 18 مشکوک افراد اور 37موٹر سائیکلوں کو مختلف تھانہ جات میں منتقل کیا، سرچ آپریشن کے دوران 542افراد، 258 گھروں ، 25ہوٹلوں، 74دکانوں ، 294 موٹر سائیکلوں اور 84 گاڑیوں کو چیک کیاگیا جبکہ جانچ پڑتال کیلئے 18مشکوک افراد اور 37موٹر سائیکلوں کوبھی مختلف تھانہ جات منتقل کیا،جیل ملازم کے قتل کیس میں اڈیالہ جیل میں بند ملزم سے موبائل برآمد کرلیاگیا،جیل ذرائع کے مطابق سینٹرل جیل پابند سلاسل راجہ حماد سے دوران تلاشی موبائل فون برآمد ہواجس پر جیل انتظامیہ نے اسے قصوری چکی میں بند کر دیا، 2024 میں راولپنڈی میں فائرنگ کر کے پنجاب جیل خانہ جات کے ملازم ملک عدنان کو قتل کر دیا گیا تھا ،اس کیس میں ملزم راجہ حماد اڈیالہ جیل میں ہے ،جیل حکام کاکہنا ہے کہ انکوائری کی جارہی ہے کہ اس کے پاس موبائل کیسے آیا۔ اسلام آباد پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث 20 اشتہاریوں سمیت 33 جرائم پیشہ عناصر کوگرفتار کرلیا، تھانہ کوہسار، تھانہ گولڑہ ،تھانہ رمنا، تھانہ سبزی منڈی، تھانہ کھنہ ، تھانہ بھارہ کہو اور تھانہ شہزاد ٹاون پولیس ٹیموں نے منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی جبکہ مجرمان اشتہاری اور عدالتی مفرروان کی گرفتاری کیلئے چلائی جانے والی خصوصی مہم کے دوران 20 مجرمان کی گرفتاری عمل میں لا ئی گئی۔تھانہ دھمیال کے علاقہ میں 28سالہ نوجوان نے خودکشی کرلی ،پولیس کے مطابق خالد کالونی فیز2میں رہائش پذیر نعمان عبدالرقیب گلے میں پھندا ڈال کرچھت والے پنکھے سے لٹک گیا ،وہ شادی شدہ تھا اور تین دن پہلے ملائیشیا سے واپس آیا تھا،پولیس نے پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد لاش ورثاکے حوالے کردی