خادم رضوی مسجد کے قریب پولیس اہلکاروں پر فائرنگ دو شہید

لاہور( کرائم رپورٹر )خادم حسین رضوی کی مسجد کے قریب فائرنگ ، 4 پولیس اہلکار اور 2 شہری شدید زخمی بعد اذان دو پولیس اہلکار شہید ہو گئے

لاہور: اقبال ٹاؤن ڈویژن کے علاقے نواں کوٹ میں خادم حسین رضوی کی مسجد کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ڈیوٹی پر موجود 4 پولیس ملازمین اور 2 شہری شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تین نامعلوم مسلح افراد ایس ایم جی رائفلوں سے لیس ہو کر یتیم خانہ چوک کی جانب سے آئے اور مسجد کے قریب ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ فائرنگ کی زد میں آکر دو شہری بھی زخمی ہوگئے۔

فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ زخمی پولیس اہلکاروں اور شہریوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے، جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

*اہم امر یہ ہے کہ لاہور میں کچھ ہی دیر کے دوران پولیس پر فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل سٹی ڈویژن کے علاقے بادامی باغ میں فائرنگ کے واقعے میں ایک سب انسپکٹر اور ہیڈ کانسٹیبل شہید ہوئے تھے۔*

مسلسل پیش آنے والے دونوں واقعات کے بعد لاہور پولیس میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ اعلیٰ پولیس افسران نے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں