صادق اباد پولیس نے بچہ بازیاب کر لیا ۔سردار ظہیر کی رپورٹ
تھانہ صادق آباد پولیس کی بڑی کامیابی: کری روڈ سے اغوا ہونے والا معصوم بچہ بازیاب، ملزم گرفتار
راولپنڈی:(سردار ظہیر کرائم سیل سے)
تھانہ صادق آباد کے ایس ایچ او راجہ سجاد اور ان کی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے، دو روز قبل کری روڈ سے اغوا ہونے والے ڈھائی سالہ بچے کو بحفاظت بازیاب کروا کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق، دو روز قبل صادق آباد کی حدود کری روڈ سے ایک بچے کو اغوا کیا گیا تھا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ صادق آباد میں درج کیا گیا تھا۔ ایس ایچ او راجہ سجاد کے مطابق پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کے روٹ کا پتا لگانے کے لیے 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کو مانیٹر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اغوا کار نے مری روڈ، سکس روڈ، سید پور روڈ اور آئی نائن سمیت مختلف راستے استعمال کیے۔ دو دن کی مسلسل کوششوں کے بعد معلوم ہوا کہ ملزم اسلام آباد کے سیکٹر جی-11 میں ایک کرائے کے مکان میں رہائش پذیر ہے۔
پولیس نے جی-11 میں چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کیا، جس کا تعلق مانسہرہ سے بتایا جاتا ہے ابتدائی تفتیش میں ملزم کا نام فضل رحمان ولد عبدالغفار ہے جو کہ مانسہرہ کے علاقے چھتر پلین سے بتایا گیا ہے ۔ ملزم کے قبضے سے بچے کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اغوا کے مقاصد کا پتا لگایا جا سکے۔ بچے کی بحفاظت واپسی پر اہل علاقہ نے پولیس ٹیم کا شاندار استقبال کیا اور ان پر پھول نچھاور کیے۔ ایس پی راول ٹاؤن بیدار بخت نے بھی اس کامیاب آپریشن پر ایس ایچ او راجہ سجاد اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی پولیس کی جانب سے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے اردگرد نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر ون فائیو (15) پر اطلاع دے کر ذمہ دار شہری کا ثبوت دیں۔ تاکہ ایسے جرائم کی بروقت روک تھام کی جا سکے