مون سون بارشوں سے قبل نالوں اور ڈرینز کی صفائی کا کام شروع

ننکانہ صاحب:( ناصر بیگ ) ۔۔۔۔وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر مون سون بارشوں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ ننکانہ صاحب کی جانب سے ڈرینر اور نالوں کی صفائی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر ضلعی اداروں کی جانب سے کیے جانے والے پیشگی انتظامات بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے روزانہ کی بنیاد پر ڈرینز اور نالوں کی صفائی کے عمل کو یقینی بنا رہے ہیں، اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر ڈرینز اور نالوں کی صفائی کو بروقت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ممکنہ بارشوں کے پیش نظر پیشگی انتظامات کو بروقت مکمل کیا گیا ہے، ہنگامی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے لیے مشینری اور عملے کو بھی الرٹ رکھا گیا ہے جبکہ رپورٹنگ کے لیے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹر، ریسکیو 1122 میونسپل اداروں سمیت دیگر تمام ضلعی ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ماہین فاطمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سفیان دلاور، اسسٹنٹ کمشنرز سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں