5 ہزار کا چالان ڈرائیور نے گاڑی دریا میں لے گیا

مظفرآباد (کرائم رپورٹر )ٹریفک پولیس اور کوسٹر ڈرائیور کے درمیان تنازع سنگین صورتحال اختیار کر گیا، جہاں پانچ ہزار روپے کا چالان کیے جانے پر مشتعل ڈرائیور نے مسافر کوسٹر دریائے جہلم میں پھینک دی۔ واقعے میں ڈرائیور اور کوسٹر میں موجود ٹریفک اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ رہے، تاہم مسافر گاڑی دریا کے تیز بہاؤ میں بہہ گئی۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے گاڑی ضبط کرنے کے لیے ایک اہلکار کوسٹر میں سوار تھا، جس پر ڈرائیور اور اہلکار کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ صورتحال اس وقت خطرناک رخ اختیار کر گئی جب ڈرائیور نے مبینہ طور پر احتجاجاً گاڑی سیدھی دریائے جہلم میں اتار دی۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی جبکہ ڈرائیور کے ورثا اور مقامی افراد نے ٹریفک پولیس کے رویے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مرکزی شاہراہ چھتر چوک پر ٹریفک معطل کر دی۔ مظاہرین نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔