اج جی جیل خانہ جات کا احسن اقدام

آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کا ملازمین دوست اصلاحات کی جانب ایک اہم اور تاریخی قدم
رانا تصدق حسین
لاہور — پنجاب جیل خانہ جات کے محکمے میں شفافیت، میرٹ اور کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے ٹی اے/ڈی اے بلز کی ادائیگی کے نظام میں ایک بڑا اور انقلابی اصلاحاتی قدم اٹھایا گیا ہے۔
ماضی میں محکمے میں ٹی اے بلز کی ادائیگی کے لیے کوئی مؤثر اور منظم نظام موجود نہیں تھا، جس کے باعث تاخیر، پیچیدہ طریقہ کار اور سفارشات پر مبنی فیصلوں کی شکایات عام تھیں۔
ملازمین کی جانب سے بارہا یہ الزامات سامنے آتے رہے کہ صرف بااثر یا سفارش یافتہ اہلکاروں کے بلز منظور کیے جاتے ہیں جبکہ حقیقی اور حق دار ملازمین اپنے واجبات کے حصول کے لیے طویل انتظار پر مجبور رہتے تھے۔
ان دیرینہ مسائل کے خاتمے کے لیے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے ٹی اے بلز کی ادائیگی کے نظام کو مکمل طور پر ازسرنو تشکیل دیتے ہوئے اسے شفاف اور میرٹ پر مبنی بنا دیا ہے، تاکہ اب تمام ادائیگیاں سختی سے سینارٹی، سروس ریکارڈ اور قواعد و ضوابط کے مطابق کی جا سکیں۔
نئے میکانزم کے تحت تمام جیلوں سے سال 2022 اور 2023 کے دوران تعیناتی اور تبادلے سے متعلق ٹی اے بلز کی مکمل فہرستیں باقاعدہ طور پر طلب کر لی گئی ہیں، اور ہر ملازم کے نام کے ساتھ تاریخ وار بنیادوں پر بجٹ مختص کیا جا رہا ہے۔
اس اقدام سے سفارش اور اقربا پروری کی روایت کا خاتمہ مؤثر طور پر ممکن ہوا ہے۔
آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کے مطابق آئندہ تمام ٹی اے بلز کی کلیئرنس صرف سینارٹی، سروس ریکارڈ اور متعلقہ قواعد کے مطابق کی جائے گی۔
دور دراز اضلاع اور مشکل پوسٹنگ پر تعینات ملازمین کو خصوصی مالی تحفظ اور ترجیح دی جائے گی۔
محکمہ ملازمین کی فلاح و بہبود اور نظام میں شفافیت کے فروغ کے لیے مسلسل عملی اصلاحات نافذ کر رہا ہے۔
یہ بھی اعلان کیا گیا ہے کہ جون کے مہینے میں سال 2024 اور 2025 کے ملازمین کے ٹی اے بلز کا بجٹ بھی انفرادی بنیادوں پر مختص کیا جائے گا، تاکہ ترجیحی بنیادوں پر واجبات کی ادائیگی یقینی بنائی جا سکے۔
آئی جی جیل خانہ جات پنجاب نے مزید کہا کہ ملازمین کی فلاح، اعتماد کی بحالی اور نظام میں شفافیت ان کی اولین ترجیحات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اصلاحات نہ صرف محکمے کی کارکردگی کو بہتر بنائیں گی بلکہ پورے صوبے میں ملازمین کے حوصلے اور اعتماد میں بھی نمایاں اضافہ کریں گی۔