عوامی مسائل کا حل کے لیے انتظامیہ کوشاں
ننکانہ صاحب:(ناصر بیگ )وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کے گڈ گورننس انیشی ایٹیوز اوپن ڈور پالیسی کے تحت روزانہ مقررہ عوامی دفتری اوقات میں سائلین کے مسائل کی سماعت اور بروقت ازالہ جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے مقررہ دفتری اوقات میں شہریوں کی شکایات اور مسائل سن کر متعلقہ محکموں کو عملدرآمد کے احکامات جاری کیے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو واضح ہدایت کی کہ شہریوں کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی تاخیر یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ہر درخواست پر شفاف، بروقت اور میرٹ پر کارروائی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوامی ریلیف ہماری اولین ترجیح ہے۔ اوپن ڈور پالیسی کا مقصد شہریوں کو براہِ راست ضلعی انتظامیہ تک رسائی فراہم کرنا اور ان کی شکایات کا فوری ازالہ کرنا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ تمام محکمے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، مسائل کے حل کی رفتار تیز کریں اور پیش رفت کی باقاعدہ رپورٹ پیش کریں۔