اسلام اباد خود کش حملہ کے بعد انتظامی افسران حرکت میں اگئے

ننکانہ صاحب:(بیورو رپورٹ)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فراز احمد نے اسلام آباد ترلائی امام بارگاہ خدیجتہ الکبری میں ہونے والے دھماکے کے بعد امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے حوالے سے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ادارے یکجا ہو کر مؤثر حکمتِ عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسے افسوسناک واقعات معاشرتی ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہوتے ہیں، مگر قوم کی یکجہتی اور اداروں کی مستعدی ان عزائم کو ناکام بنا دے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس کے کمیٹی روم میں ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، صلعی افسران، ایس ڈی پی اوز، حکومتی ایجنسی کے نمائندوں سمیت ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے واضح کیا کہ حساس مقامات کی سیکیورٹی میں اضافہ، انٹیلیجنس شیئرنگ کا بروقت نظام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ہم آہنگی امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں سے گریز کریں، مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں اور سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ معلومات پھیلانے سے اجتناب کریں۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی اور برداشت کا فروغ ہی پائیدار امن کی ضمانت ہے، اور کسی کو بھی فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ حالات پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔اخر میں شہداء کے لئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو اور ڈی پی او فراز احمد نے ننکانہ سٹی میں امام بارگاہ کا دورہ کرکے سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا۔انہوں نے امام بارگاہوں کے منتظمین سے ملاقات بھی کی۔