کوئی بھی دہشت گرد زندہ واپس نہیں جائیگا

کوئیٹہ (نامہ نگار)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہیں بھارتی سپانسرڈ، بین الاقوامی طور پر نامزد دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان کے حالیہ دہشت گرد حملوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں سیکیورٹی فورسز کے بروقت اور جارحانہ ردِعمل سے آگاہ کیا گیا، جس کے باعث دشمن عناصر کے ناپاک عزائم ناکام بنائے گئے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو کوئٹہ میں مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور داخلی سلامتی سے متعلق جاری سیکیورٹی آپریشنز پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کو نہیں بخشا جائے گا اور دہشت گردوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ کسی بھی بہانے سے تشدد اور دہشت گردی کو جواز فراہم نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے سیکیورٹی فورسز اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور قربانیوں کو سراہا اور مادرِ وطن کو غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردوں سے محفوظ رکھنے پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
بعد ازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ کمبائنڈ ملٹری ہسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کے زخمی اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے کی تعریف کی۔
کوئٹہ آمد پر کمانڈر کوئٹہ کور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔