ڈپٹی کمشنر ننکانہ شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے کوشاں

ننکانہ صاحب:(ناصر بیگ )ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے صفائی ستھرائی اور بیوٹیفکیشن کے جاری کاموں کا جائزہ لینے کے لیے مانگٹانوالہرروڑ اور کوٹ لہنا داس کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے موٹروے انٹرچینج پر جاری بیوٹیفکیشن کے کاموں کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو کام کی رفتار تیز کرنے کے احکامات جاری کیے۔انہوں نے کوٹ لہنا داس گاوں کی مختلف گلیوں کا طویل وزٹ کرکے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی صفائی ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے صفائی کے بہترین انتظامات پر ورکرز کو شاباش دی اور مزید لگن سے کام کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق شہروں اور دیہاتوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کو یکساں بنا دیا گیا، جلد ضلع کو زیرویسٹ بنائیں گے۔انہوں نے مزید کہا وزیر اعلی پنجاب کے ننکانہ بیوٹیفکیشن پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔شہریوں کو جلد خوبصورت ننکانہ دیکھنے کو ملے گا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے طبی سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شاہد کھوکھر، اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ ثناء شرافت، ڈی او انفارمیشن محمد تصور سمیت دیگر افسران بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھے۔ ایم ایس ڈی ایچ کیو اطہر فرید سمیت محکمہ صحت کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔دوران وزٹ ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی، بچہ وارڈز، پولیس خدمت کاونٹر سمیت ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کی فراہمی بارے استفسار کیا،مریضوں اور لواحقین نے بہترین طبی سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر نے طبی عملے کی حاضری، سٹورز رومز میں ادویات کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی جاری ہے۔ضلع کے تمام سرکاری ہسپتالوں کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پارکنگ ایریاز کو مزید بہتر بنایا جائے اور ایمرجنسی وارڈ کے داخلی اور خارجی راستوں کو رنگ و روغن کروایا جائے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، باہر سے ادویات منگوانے والے ڈاکٹرز کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔