حالات خرابی کے ذمہ دار کرپٹ مزارعین ملازم ہوں گے

ننکانہ صاحب (ناصر وسیم بیگ ) محکمہ اوقاف کے ہزاروں مزارعین زمینوں کی غیر قانونی نیلامی اور قبضوں کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے، قبضہ گروپوں کو مزارعین کی ایک انچ زمین پر بھی قبضہ نہیں کرنے دیں گے، قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی تو حالات کی خرابی کے ذمہ دار محکمہ اوقاف کر کرپٹ ملازمین ہوں گے، انجمن مزارعین کے عہدیدران کا اعلان

انجمن تحفظ حقوق مزارعین اوقاف کے زیراہتمام مزارعین کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ننکانہ صاحب شہر سمیت گردونواح کے درجنوں دیہات کے ہزاروں مزارعین نے شرکت کی، کنونشن کے شرکاء نے کوٹ لہنا داس میں ماسٹر مقصود احمد کی آٹھ ایکڑ سمیت دیگر مزارعین کی زرعی زمین کی رات کے اندھیرے میں غیر قانونی نیلامی اور قبضے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اعلیٰ حکام سے غیر قانونی نیلامی کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا، شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انجمن تحفظ حقوق مزارعین اوقاف کے صدر رایا ایوب خان سمیت دیگر مقررین نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے کرپٹ افسران اور ملازمین کی وجہ سے ایک مرتبہ پہلے بھی اوقاف کے دفتر کو آگ لگانے جیسا ناخوشگوار واقعے پیش آچکا ہے، محکمہ کے افسران اور ملازمین نے پیسے کی چمک اور سیاسی اثرورسوخ کی وجہ سے باقاعدگی سے واجبات کی ادائیگی کے باوجود کئی مزارعین کی زمینوں کی رات کے اندھیرے میں نیلامی کر دی اور کاغذات میں قبضہ دلوا دیا، ہم ایسے افسران اور ملازمین کو متنبہ کر رہے ہیں کہ وہ ایسی حرکات سے باز آجائیں اور محکمہ اوقاف کے چھوٹے مزارعین کے منہ سے نوالہ چھیننے کی کوشش ہرگز نہ کریں ورنہ حالات کی ذمہ داری انہی کرپٹ عناصر کی ہوگی، متاثرہ مزارعین سے اظہار یکجہتی کے لئے سابق اراکین اسمبلی ملک ذوالقرنین ڈوگر اور سید ابرار حسین شاہ سمیت سیاسی و سماجی رہنماء، وکلاء اور انجمن تاجران کے عہدیدران نے بھی کنونشن میں شرکت کی اور مزارعین کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔۔

اپنا تبصرہ بھیجیں