دو معصوم بیٹیوں اور بیوی کے قاتل کاانجام

راولپنڈی (کرائم رپورٹر) راولپنڈی کی تاریخ کے ایک نہایت دلخراش اور انسانیت کو جھنجھوڑ دینے والے مقدمے کا فیصلہ بالآخر سنا دیا گیا۔ ٹینچ بھاٹہ کے محلہ نورانی میں پیش آنے والے اس لرزہ خیز واقعے میں اپنی ہی کمسن بچیوں اور اہلیہ کو بے دردی سے ذبح کرنے والے ملزم عثمان انور کو عدالت نے سخت ترین سزا سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق 15 جولائی 2024 کی صبح تقریباً 8 سے 9 بجے کے درمیان عثمان انور نامی شخص نے تیز دھار خنجر کے ساتھ اپنی تین سالہ بیٹی لاریب، نو سالہ بیٹی انوش اور اہلیہ عائشہ پر حملہ کیا۔ اس سفاکانہ حملے کے نتیجے میں دونوں کمسن بچیاں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں جبکہ اہلیہ شدید زخمی حالت میں موت کے منہ سے واپس آئی۔
واقعے کی ایف آئی آر تھانہ آر اے بازار میں درج کی گئی، جبکہ اس سنگین مقدمے کی تفتیش سب انسپکٹر HIU سہیل بھٹی نے کی۔ کیس کی ابتدائی سماعت ایڈیشنل سیشن جج عرفان اکرم کی عدالت میں ہوئی، تاہم تبادلے کے باعث بعد ازاں یہ مقدمہ ماڈل کورٹ میں ایڈیشنل سیشن جج افشاں ایجاز صوفی کے روبرو زیرِ سماعت رہا۔
عدالت میں پیش کیے گئے ٹھوس شواہد، گواہوں کے بیانات اور پراسیکیوشن کی مضبوط پیروی کے بعد معزز عدالت نے قلیل مدت میں فیصلہ سناتے ہوئے معصوم بچیوں کے قاتل عثمان انور کو دو بار سزائے موت اور دس، دس لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ عدالت کے اس فیصلے کو انصاف کی بروقت فراہمی اور قانون کی بالادستی کی ایک واضح مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
آج بروز جمعرات، مورخہ 18 دسمبر کو سنائے گئے اس تاریخی فیصلے پر لواحقین نے اطمینان کا اظہار کیا جبکہ شہری حلقوں نے عدالتی نظام کی بروقت کارروائی اور شفاف فیصلے کو سراہا۔ یہ فیصلہ نہ صرف متاثرہ خاندان کے لیے انصاف کی امید بنا بلکہ معاشرے میں جرائم کے خلاف ایک مضبوط پیغام بھی ثابت ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں