سیوریج اور سڑکوں کی مرمت میں کروڑوں روپے کا غبن

لاہور(نمائیندہ خصوصی)محکمہ کوآپریٹو پنجاب کے زیر کنٹرول گورنمنٹ ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی لاہور میں سابق منجمنٹ کمیٹی (سابق ایم سی) کی طرف سے سڑکوں اور سیوریج کے نام پر کروڑوں روپے کی خرد برد کا انکشاف ہوا ہے۔دستیاب دستاویز کے مطابق شہر لاہور کی قدیم کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں سے وفاق کی پہلی فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی ٹاؤن شپ میں واقع ہے۔ جس کے متعدد فیزز ہیں سیکٹر اے ون یعنی فیزون پیکوروڈ ٹاون شپ , فیز 2 اور 3 ماڈل ٹاؤن لنک روڈ کے دونوں اطراف پر واقع ہیں جبکہ ماڈل ٹاون لنک روڈ کا کمرشل ایریا بھی اس میں شامل ہے۔ اسی طرح پیکو روڈ پر ا سکے تین فیزز اور گرین ٹاون اور ٹاون شپ میں بالترتیب دو اور ایک فیز ہے۔ موصول دستاویز سے ظاہر ہوتا ہے کہ سوسائٹی گزشتہ ایم سی کی مس منجمنٹ اور کرپشن کے باعث کنگال ہو گئی ہے۔جس میں فنڈز کا بے جا استعمال اور اختیارات سے تجاوز کر کے فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم ہوئی ہے۔ دستاویزات کے مطابق سوسائٹی کی سابق منجمنٹ کمیٹی نے 2023میں 2 کروڑ روپے کا سیوریج اور سٹرکوں کے پیچ ورک کا ٹھیکہ نجی کمپنی کو دیا تاہم اس کی ادائیگی پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تقریبا ساڑھے 5 کروڑ سے زائد کردی گئی ہے جبکہ پیپرا رولز کے مطابق ٹینڈر سے 10 فیصد سے زائد ادائیگی خلاف قانون ہے۔ اس حوالے سوسائٹی کے ایڈمینسٹریٹرز اے ڈی سی آر لاہور کی جانب سے محکمہ کوآپریٹو کے رجسٹرار کو کرپشن، اقربا پروری اور پبلک منی کے بے جا استعمال کے لیے مراسلے بھی لکھے تھے تاہم اس پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی جس پر ممبران سوسائٹی شدید پریشانی کا شکار ہیں۔جنگ کو موصول دستاویز کے مطابق سابق ایم سی 2021-2024 کے دوران کروڑوں روپے مالیت کے پلاٹس کو ہڑپ کر گئی۔ٹاون شپ میں کروڑوں روپے مالیت کے 8 پلاٹس کے مالکان کی فائلیں بھی غائب ہیں۔ایل ڈی اے ریکارڈ کے مطابق تمام پلاٹس جی ای سی ایچ ایس سوسائٹی کی ملکیت ہیں۔سوسائٹی ریکارڈ میں سابق ایم سی سیکرٹری نے ملی بھگت سے ان جائیدادوں کی فائلیں غائب کر دیں۔سوسائیٹی کے ذمہ دار ذرائع کا بتانا ہے کہ شہر کے وسط میں قیمتی ترین رہائشی علاقے ماڈل ٹاون لنک روڈ اور پیکوروڈ پر بھی سوسائٹی کے کروڑوں روپے کے متعدد پلاٹس کی فائلوں میں ردو بدل کی اطلاعات ہیں، جس پرسوسائٹی کے بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ کوآپریٹو پنجاب کی خاموشی معاملات کو سلجھلانے کی بجائے مزید الجھا رہے ہیں۔اس حوالے سے سوسائٹی انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا تو انکا کہنا تھا کہ سوسائٹی معاملات کے حوالے سے ابھی چند ہفتے قبل نئے انتخابات ہوئے ہیں اور گذشتہ ادوار کی مالی اور دیگر شکایات پر حکومتی سطح پر انکوئری کی جا رہی ہے دوسری جانب اس حوالے سے نومنتخب صدر منجمنٹ کمیٹی محمد عاصم کا کہنا تھا کہ چند روز قبل ہی میں صدر کی سیٹ پر منتخب ہوا ہوں،گذشتہ ادوار کی مالی بے ضابطگیوں سمیت دیگر شکایات موصول ہوئی ہیں ۔ جن کی شفاف تحقیقات کیلئے رجسٹرار کوآپریٹو سوسائٹیز پنجاب کو تحریری مراسلہ لکھ دیا ہے ،جس کی بابت تفصیل موصول ہونے پر میڈیا کو آگاہ کردیا جائے گا ۔ جبکہ محکمہ کوآپریٹو پنجاب کے ذرائع کا کہنا ہے کہ متعلقہ سوسائٹی کی شکایات موصول ہوئی تھیں اس کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں