بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک بھر میں خواتین سے فراڈ اور انکی تذلیل معمول بن گیا
اسلام اباد (نمائندہ خصوصی) بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شرمناک تماشہ خواتین پر تھپڑ، گالی گلوچ اور پیسوں کی لوٹ مار – ویڈیو نے کھلبلی مچا دی۔

غریب اور مستحق خواتین کے لئے بنائے گئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور ممتاز پروجیکٹ کو کچھ بے لگام فرنچائز ایجنٹوں نے ذاتی کمائی کا اڈہ بنا دیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ایک ہولناک ویڈیو نے حقیقت کا پردہ چاک کر دیا، جس میں ایک ایجنٹ کو قطار میں کھڑی خواتین پر تھپڑ برساتے اور تذلیل کرتے ہوئے صاف دیکھا جا سکتا ہے۔
عینی شاہدین اور متاثرہ خواتین کے مطابق یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں۔ متعدد فرنچائزز پر ایجنٹ فنگر اسکین کے بعد خواتین کے پیسے ہڑپ کر جاتے ہیں، کچھ کو آدھی ادھوری رقم دی جاتی ہے اور کئی خواتین کو پیسے ہی نہیں ملتے۔ جو بھی شکایت کرتا ہے، اس کی آواز دبا دی جاتی ہے کیونکہ مبینہ طور پر “حصہ پتی” اوپر تک سیٹ ہے۔موقع پر موجود خواتین نے بتایا کہ اپنی عزت کی خاطر وہ ذلت سہہ کر خاموشی سے واپس لوٹ جاتی ہیں، کیونکہ معاشرے میں ایماندار صرف وہ سمجھا جاتا ہے جسے کھانے کا موقع نہ ملا ہو۔ عوامی حلقوں نے حکومتِ پاکستان اور متعلقہء اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری ایکشن لے کر ملوث ایجنٹوں اور پشت پناہی کرنے والے افسروں کو گرفتار کر کے مثال بنایا جائے، ورنہ غریب خواتین کے لیے بنائے گئے یہ پروگرام عزت چھیننے کے اڈے بن جائیں گے۔