کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار

اسلام آباد( کرائم رپورٹر) کاروباری اوقات کار محدود کرنے کا نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد: ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ آفس اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جاری کفایت شعاری اقدامات کے پیش نظر شہر بھر میں کاروباری سرگرمیوں کے اوقات کار محدود کر دیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کے تمام دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز ہفتے کے ساتوں دن (ہفتہ اور اتوار سمیت) رات 8 بجے بند کر دیے جائیں گے۔ تاہم بعض شعبوں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، جن میں میڈیکل اسٹورز، فارمیسیز، میڈیکل سپلائی اسٹورز، لیبارٹریز اور ہسپتال شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز (بشمول ٹائر شاپس) اور بیکریز و دودھ/ڈیری شاپس بھی کھلی رہ سکیں گی۔
مزید برآں تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس، فوڈ آؤٹ لیٹس، تندور، گروسری اسٹورز اور کریانہ اسٹورز کو رات 10 بجے بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے، تاہم ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری سروسز پر کوئی پابندی عائد نہیں ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ شادی ہالز، مارکیز اور دیگر تمام تجارتی مقامات جہاں تقریبات منعقد ہوتی ہیں، انہیں بھی رات 10 بجے بند کرنا ہوگا، اور یہ پابندی نجی تقریبات پر بھی لاگو ہوگی۔
حکم نامے کے مطابق یہ اقدامات 7 اپریل 2026 سے نافذ العمل ہوں گے اور آئندہ احکامات تک جاری رہیں گے۔
ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد کی جانب سے جاری کردہ اس نوٹیفکیشن کی کاپیاں متعلقہ اداروں کو ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں