عوام کو پبلک ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی ریلیف ملے گا

ننکانہ صاحب:( ناصر بیگ )۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ارسلان زاہد کی زیرِ صدارت پبلک و گڈز ٹرانسپورٹرز مالکان کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں حکومت کی جانب سے عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک میں پیدا ہونے والی صورتحال اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے کہا کہ عالمی سطح پر جاری کشیدگی، بالخصوص امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان تنازع کے باعث عالمی معیشت دباؤ کا شکار ہے جس کے اثرات خطے سمیت پاکستان پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان براہِ راست جنگ کا حصہ نہیں تاہم ہمسایہ ملک ہونے کے باعث ان اثرات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت مشکل حالات کے باوجود عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور عالمی دباؤ کے اثرات کو کم سے کم عوام تک منتقل کرنے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ دیگر ممالک میں جہاں پیٹرولیم مصنوعات کی قلت اور طویل قطاریں دیکھنے میں آ رہی ہیں وہاں پاکستان میں حکومت کی مؤثر حکمت عملی کے تحت بلا تعطل سپلائی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ اس ہنگامی صورتحال میں کسی کو ناجائز منافع خوری یا خود ساختہ کرایوں میں اضافے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ تمام ٹرانسپورٹرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور کرایوں میں بلا جواز اضافہ نہ کریں۔حکومت ٹرانسپورٹرز، تاجر برادری کے ساتھ مکمل رابطہ میں ہے اور باہمی مشاورت سے ایسا لائحہ عمل مرتب کر رہی ہے جس سے تمام فریقین بلخصوص عوام کو ریلیف حاصل ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق سرکاری سطح پر چلنے والی ٹرانسپورٹ کو مفت کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ارسلان زاہد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن ہے کہ موجودہ حالات میں عام شہری کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور کسی بھی فرد کو صورتحال کا ناجائز فائدہ اٹھا کر عوام کو معاشی نقصان پہنچانے کی اجازت نہ دی جائے۔اجلاس میں شریک پبلک و گڈز ٹرانسپورٹرز مالکان نے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے اور کرایوں میں غیر ضروری اضافہ نہیں کریں گے۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سفیان دلاور، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی مریم خان سمیت دیگر افسران و ٹرانسپورٹرز بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں