اسلام أباد میں دھماکہ خیز رد و بدل

وفاقی دارالحکومت میں بڑا دھماکہ خیز ردوبدل:
چیف کمشنر تبدیل، نئی تقرری

رانا تصدق حسین

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد کی اعلیٰ انتظامی سطح پر ایک بڑا اور غیر معمولی فیصلہ کرتے ہوئے چوہدری محمد علی رندھاوا کو ان کے اہم عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔ انہیں چیف کمشنر اسلام آباد اور چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA) دونوں ذمہ داریوں سے سبکدوش کر دیا گیا ہے۔

ان کی جگہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے سینئر افسر لیفٹیننٹ (ریٹائرڈ) سہیل اشرف کو نیا چیف کمشنر اسلام آباد تعینات کر دیا گیا ہے۔

اس تقرری کا باضابطہ نوٹیفکیشن کیبنٹ ڈویژن نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد جاری کر دیا ہے۔

گریڈ 20 کے افسر سہیل اشرف اس سے قبل حکومت پنجاب میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات (C&W) کے اہم عہدے پر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔

ان کے پاس وسیع انتظامی تجربہ ہے اور وہ فیصل آباد اور منڈی بہاؤالدین جیسے بڑے اضلاع میں بطور ڈپٹی کمشنر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔

باخبر ذرائع کے مطابق، ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے قوی امکان ہے کہ سہیل اشرف کو جلد ہی چیئرمین سی ڈی اے کا اضافی چارج بھی سونپ دیا جائے گا، جس کے بعد وہ وفاقی دارالحکومت کی ترقیاتی اسکیموں، شہری منصوبہ بندی اور بلدیاتی امور کے مکمل نگران بن جائیں گے۔

یہ تبدیلی اسلام آباد کی گورننس کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔

چیف کمشنر کا عہدہ شہر میں امن و امان، ریگولیٹری نظام اور ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔

وفاقی حکومت نے اس فیصلے کو انتظامی کارکردگی بہتر بنانے، ترقیاتی رفتار تیز کرنے اور حکومتی رٹ مضبوط کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں