70 سالہ سفارت کار مجاہد /تنویرازم ۔تنویر ملک

آل ٹائم ہیرو : سفارت کاری تنی ہوئی رسی پر چلنے کا نام ہے، اور جب قدم تھکن سے چور ہوں تو زمین بھی کبھی کبھی ساتھ چھوڑ دیتی ہے۔ مصلحت کے اندھیروں میں چراغ جلانے والا یہ ستر سالہ بزرگ پچھلے چودہ روز سے نیند کو حرام اور تھکن کو حلال کیے ہوئے ہے۔ اسحاق ڈار کے قدم نہیں پھسلے، بلکہ وہ تھکن کا کوہِ گراں تھا جو لمحہ بھر کو لرز گیا۔ وہ کوئی تیس یا چالیس سال کا کڑیل جوان نہیں جس کے لہو میں جوانی کا ابال ہو، یہ وہ شخص ہے جس نے ستر سرد و گرم موسم جھیلنے کے بعد اپنی صحت کو داؤ پر لگا رکھا ہے تاکہ امتِ مسلمہ کو جنگ کی ہولناکیوں سے بچایا جا سکے اور وطنِ عزیز کا وقار عالمی ایوانوں میں بلند رہے۔
اقبال نے شاید ایسے ہی کسی مردِ جری کے لیے کہا تھا:
جھپٹنا، پلٹنا، پلٹ کر جھپٹنا
لہو گرم رکھنے کا ہے اک بہانہ
جاری جنگی صورتحال، عالمی دباؤ اور تزویراتی شطرنج کی بساط پر مہرے ہلانے والا یہ سپاہی دن رات ایک کیے ہوئے ہے۔ سفارت کاری کا اصل مفہوم اب سمجھ آ رہا ہے جب ایک بوڑھا شخص اپنے آرام کی قربانی دے کر سرحدوں کے پار امن کی بھیک نہیں، بلکہ حق کا مقدمہ لڑ رہا ہے۔ لیکن افسوس! کہ اس مٹی کے کچھ فرزند ایسے بھی ہیں جن کے سینوں میں دل نہیں، بلکہ تعصب کے پتھر جڑے ہیں۔ پاؤں کیا پھسلا، تنقید کے نشتر چلنے لگے۔ وہی لوگ جو کل تک اپنے ہی زخموں پر ہمدردی کا مرہم ڈھونڈ رہے تھے، آج ایک بزرگ کی لغزشِ پا پر تالیاں بجا رہے ہیں۔ ان کے لیے جوابِ جاہلاں بس یہی ہے:
تجھ کو کتنوں کا لہو چاہیے اے ارضِ وطن جو ترے عارضِ بے رنگ کو سرخی دے دے

کتنی آہوں سے کلیجہ ترا ٹھنڈا ہوگا کتنے
آنسو ترے صحراؤں کو کھیتی دے دیں

یاد رکھو! حقارت کی زبان بولنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں ہوتا۔ جو شخص امت کو آگ سے نکالنے کے لیے سرگرداں ہو، اس کی لغزش بھی کسی تمغے سے کم نہیں۔ شاباش! وزیرِ خارجہ صاحب کہ آپ کی محنت کی تڑپ اور لگن کی خوشبو عالمی سفارت کاری کے بند کمروں میں محسوس کی جا رہی ہے۔ اسحاق ڈار کی یہ جفاکشی اور تھکن سے چور وجود اس بات کی گواہی ہے کہ پاکستان کی جڑیں اب بھی ان لوگوں کے ہاتھوں میں ہیں جو مٹ جانا تو جانتے ہیں، مگر ہار ماننا نہیں۔
ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں
ابھی عشق کے امتحاں اور بھی ہیں

سلام ہے اس جذبے کو! سلام ہے اس ہمت کو! تنقید کرنے والے بونے اپنی قامت ناپتے رہ جائیں گے اور تاریخ اس ستر سالہ مجاہدِ سفارت کاری کو سنہری حرفوں میں لکھے گی۔

🇵🇰پاکستانہمیشہزندہ_باد

Islamabad today

اپنا تبصرہ بھیجیں