ار ٹی اے ناکوں پر رشوت کا بازار گرم

راولپنڈی( کرائم رپورٹر)نصیر آباد تھانہ کی حدود میں واقع پیرودہائی موڑ، نیو کوچ اسٹینڈ اور غوثیہ ٹرمینل کے مقام پر مبینہ طور پر ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) کے اہلکاروں کی جانب سے ٹرانسپورٹرز سے غیر قانونی وصولیوں کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق، اس مقام پر روزانہ کی بنیاد پر ناکہ بندی کی جاتی ہے جہاں گزرنے والی ہر گاڑی کو روک کر اس کی رجسٹریشن اور پرمٹس کی جانچ کے نام پر ہراساں کیا جاتا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ اہلکار مختلف حیلوں بہانوں سے بلیک میل کرتے ہوئے فی گاڑی 3 ہزار سے 5 ہزار روپے تک وصول کرتے ہیں۔
متاثرہ افراد کے مطابق، یہ سلسلہ کسی ایک دن یا چند اہلکاروں تک محدود نہیں بلکہ روزانہ لاکھوں روپے کی مبینہ غیر قانونی وصولی کی جاتی ہے۔ اس حوالے سے متعدد بار نشاندہی بھی کی جا چکی ہے، تاہم کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، جس سے شکوک و شبہات جنم لیتے ہیں کہ اس مبینہ کرپشن کا دائرہ کار وسیع ہو سکتا ہے۔
مزید برآں، سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں ایک اہلکار کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ یہ رقم “اوپر تک” جاتی ہے، جس نے معاملے کی سنگینی میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
عوامی حلقوں اور ٹرانسپورٹرز نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ اس غیر قانونی عمل کا سدباب ممکن ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں