عید کا اعلان جلدی کیا جائے معاملہ ہائی کورٹ پہنچ گیا

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر ) ہائیکورٹ نے عید کا چاند دیکھنے کے بعد جلدی اعلان کا حکم دینے کیلئے شہری کی درخواست پرسماعت میں وزارت مذہبی امور سے رپورٹ طلب کرلیا ہے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ چاند نظر آئے گا تو ہی اعلان کیاجائے گا ناں ، پہلے چاند کی شہادتیں چاروں صوبوں سے اکٹھی کی جاتی ہیں۔ پھر میٹنگ ہوتی ہے اس کے بعد فیصلہ کیا جاتا ہے اس لیے وقت لگ جاتا ہے۔چاندنظرآئے بغیر تو اعلان نہیں کیاجاسکتا، چلیں رپورٹ مانگ لیتے ہیں۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے شہری عبد اللہ شفیق کی درخواست پر سماعت کی جن کا موقف تھا کہ رویت ہلال کمیٹی کو حکم دیا جائے چاند کا اعلان جلدی کریں ،چاند کے اعلان میں تاخیر سے لوگ تراویح بھی پڑھ لیتے ہیں ، رات تاخیر سے چاند کا اعلان ہونے سے مارکیٹس میں اچانک رش بڑھ جاتا ہے۔انتظامیہ کو لا اینڈ آرڈر کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کریں ، درخواست گزار نے مزید یہ بھی کہا کہ عید شاپنگ کی دکانوں کے علاؤہ دیگر مارکیٹس بند رکھنے کا حکم دیا جائے ،رویت ہلال کمیٹی کو چاند دیکھ کر جلدی اعلان کرنے کا حکم دیا جائے ۔عدالت نےرپورٹ طلب کرتے ہوئےسماعت ملتوی کردی ہے تاہم آیندہ تاریخ نہیں دی گئی۔