عمران خان سے ان کے بیٹوں کی ملاقات۔۔۔۔

اسلام اباد (نمائندہ خصوصی )عمران خان کے بیٹوں کو ملاقات کی اجازت نہ دینا اور عطا تارڑ کے جواب پر پاکستان تحریک انصاف کا رد عمل

پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے بیٹوں کو اپنے والد سے ملاقات کی اجازت نہ دینے اور ویزا میں غیر معمولی تاخیر کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔

جمائمہ گولڈ اسمتھ کی جانب سے سامنے آنے والی تفصیلات نہ صرف تشویشناک ہیں بلکہ اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ موجودہ حکومت بنیادی انسانی اقدار اور خاندانی حقوق کی بھی پاسداری کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔

دو ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ویزا جاری نہ ہونا، جبکہ سرکاری طور پر 7 سے 10 دن کی مدت بتائی جاتی ہے، ایک دانستہ تاخیری حربہ ہے جس کا مقصد صرف اور صرف سیاسی انتقام ہے۔ یہ رویہ ایک ایسے شخص کے ساتھ روا رکھا جا رہا ہے جو ملک کا سابق وزیر اعظم رہ چکا ہے۔

مزید افسوسناک امر یہ ہے کہ نہ صرف بیٹوں کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی جا رہی بلکہ انہیں اپنے والد سے فون یا خط کے ذریعے رابطے کی سہولت سے بھی محروم رکھا گیا ہے۔ یہ اقدامات کسی بھی مہذب معاشرے کے اصولوں کے منافی ہیں۔

حیران کن طور پر فارم 47 کے ذریعے قائم کی گئی حکومت کے وزیر اطلاعات یہ مؤقف اختیار کر رہے ہیں کہ عمران خان کے بیٹے چونکہ NICOP رکھتے ہیں، اس لیے وہ اس بنیاد پر پاکستان آ سکتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ کافی عرصہ قبل عمران خان کے دونوں بیٹوں نے اپنے NICOP کی تجدید کے لیے باقاعدہ درخواست دی تھی، جس پر تاحال کوئی فیصلہ یا جواب نہیں دیا گیا۔ یہ خاموشی اور تاخیر خود حکومتی بدنیتی کو بے نقاب کرتی ہے۔

ہم فارم 47کی حکومت سے کہتے ہیں کہ حوش کے ناخن لیں اور عمران خان کے بیٹوں کو اپنے والد سے ملاقات کی اجازت دی جائے، خصوصاً اس صورتحال میں جب ان کی صحت کے حوالے سے بھی تشویش پائی جا رہی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف واضح کرتی ہے کہ خاندانی رشتوں کو سیاسی انتقام کی نذر کرنا نہ صرف غیر اخلاقی ہے بلکہ یہ انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔

منجانب: مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ

اپنا تبصرہ بھیجیں