تین کروڑ کا فراڈ ڈی ایس پی گرفتار
لاہور (کرائم رپورٹر):
پنجاب پولیس کے ڈی ایس پی اظہر نوید کو مبینہ فراڈ کے ایک سنگین مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس افسر پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک شہری سے لگژری گاڑیوں کے نام پر کروڑوں روپے وصول کیے لیکن نہ گاڑیاں فراہم کیں اور نہ ہی رقم واپس کی۔
تفصیلات کے مطابق متاثرہ شہری کی درخواست پر ڈی ایس پی اظہر نوید اور ان کے بیٹے نائل اظہر کے خلاف تھانہ ڈیفنس بی میں مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ ملزمان نے گاڑیوں کی خریداری کے نام پر شہری سے تقریباً 3 کروڑ 33 لاکھ روپے کی بھاری رقم حاصل کی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج ہونے کے بعد ملزم ڈی ایس پی کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی ہے جبکہ دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ملزم کا مؤقف ہے کہ یہ معاملہ کاروباری شراکت داری کا ہے اور ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔
