ائی ٹی پی نے عید پر ٹریفک پلان جاری کر دیا

اسلام اباد (کرائم رپورٹر ) ٹریفک پولیس نے عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع اور مربوط ٹریفک پلان ترتیب دے دیا ہے جس پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق شہر کی مصروف شاہراہوں اور مختلف مارکیٹوں میں ٹریفک کے نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے لیے 470 سے زائد ٹریفک افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جو ہمہ وقت ڈیوٹی پر موجود رہیں گے۔

عید کی خریداری کے دوران مارکیٹوں کے گردونواح میں ہلڑبازی، گاڑیوں کی ڈرفٹنگ اور خطرناک ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ عید تک مارکیٹوں میں انفورسمنٹ کو محدود رکھتے ہوئے زیادہ توجہ شہریوں کو آگاہی فراہم کرنے اور ان کی سہولت پر مرکوز رکھی جائے گی کیونکہ اسلام آباد ٹریفک پولیس شہریوں کی خوشیوں میں برابر کی شریک ہے اور ان کے سفر کو آسان بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔

شہریوں سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اپنی گاڑیاں صرف مقررہ پارکنگ مقامات پر ہی کھڑی کریں اور سڑکوں پر موجود ٹریفک پولیس کے عملے کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

اس کے علاوہ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کہیں بھی ہلڑبازی، ون ویلنگ یا ڈرفٹنگ جیسے واقعات نظر آئیں تو اس کی فوری اطلاع ہیلپ لائن 1915 یا پکار 15 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں