سیکیورٹی ہائی الرٹ وارداتیں بھی جاری

راولپنڈی،اسلام آبادکرائم ڈائری (عابدمنھاس) راولپنڈی اسلام آباد میں ہائی الرٹ سیکیورٹی کے باوجود سٹریٹ کرائم پر قابو نہیں پایا جا سکا، جڑواں شہروں میں سرقہ بالجبر ، راہ زنی ، نقب زنی اور چوری کی 63 وارداتوں میں لاکھوں کی نقدی زیورات اور دیگر قیمتی اشیاء کے علاؤہ ایک کار 14 موٹر سائیکل 35 موبائل فونز اڑا لئے گئے ، 26 گھروں کے تالے ٹوٹ گئے اور چور کل جمع پونجی لے کر چلتے بنے ، تھانہ کورال ، تھانہ کرپا اور تھانہ چونترہ کے علاقے میں تین موٹر سائیکل ، اور سات موبائل فونز اور نقدی اسلحہ کی نوک پر جبکہ 12 موبائل فونز اور نقدی جھپٹا مار کر چھین لی گئی ، تھانہ کہوٹہ کے علاقے کھڈپوٹ میں 40 لاکھ کی نقدی اور زیورات چوری کر لئے گئے ،تھانہ دھمیال کے علاقے ڈھوک پڑ میں 3 لاکھ نقدی اور 8 لاکھ کے زیورات اڑا لئے گئے ، تھانہ صادق آباد کے علاقے میں 118000روپے گھریلو ملزم لے کر چلتا بنا ، تھانہ صدر بیرونی کے علاقے خیابان جناح سے بکری چوری کر لی گئی پولیس نے مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے ۔تھانہ جاتلی کے گاؤں کریالہ میں معمولی تکرار خونی تصادم میں بدل گئی، جہاں ملازم حسین نے چھری کے وار کر کے فخر عباس کو قتل کر دیا۔ جبکہ تھانہ چونترہ اور نصیر آباد کے علاقے میں دو موٹر سائیکل سوار ٹریفک حادثات کی بھینٹ چڑھ گئے ، نعشیں ورثا کے حوالے کر دی گئی ہیں اور پولیس مصروف تفتیش ہے ،قتل واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ جاتلی کی پولیس نفری فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ملزم کا تعلق تھانہ چونترہ کے علاقے سے بتایا جاتا ہے،اسلام آباد کے تھانہ نون کے علاقے میں بھی معمولی جھگڑے میں ایک نوجوان قتل ہو گیا۔اسلام آباد پولیس کا وفاقی دارلحکومت میں جرائم کے انسداد اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے مختلف علاقوں میں سرچ اور کومنگ آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔اس ضمن میں ایس ایس پی آ پر یشنز اسلام آ باد قاضی علی رضا کی سپر ویژن میں زونل ایس پیز کی زیرنگرانی مختلف علاقوں میں گرینڈ سرچ اورکومنگ آپریشنز کئے گئے۔سرچ آپریشن کے دوران1,393 افراد،507 گھرانوں، 201 دکانوں،55 ہو ٹلز،225 موٹر سائیکلز اور98 گاڑیوں کو چیک کیا گیاجبکہ ایک غیرملکی سمیت35 مشکوک افراد،28 موٹر سائیکلوں اور ایک گا ڑ ی کوجانچ پڑتال کیلئے تھانہ جات منتقل کیاگیا۔