صحافیوں کی پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی ریلی

ننکانہ صاحب( بیورو رپورٹ )پریس کلب ننکانہ صاحب کے زیراہتمام پاک فوج کے ساتھ یکجہتی اور ایران پر اسرائیل اور امریکی جارحیت کے خلاف ریلی نکالی گئی
پریس کلب سے شروع ہونے والی ریلی میں صدر پریس کلب ننکانہ صاحب چوہدری افضل حق خاں، جنرل سیکرٹری محمد آصف بھٹی سمیت مختلف صحافتی تنظیموں کے عہدیدران، میڈیا نمائندگان ، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور شہریوں نے شرکت کی، ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اسرائیل و امریکہ مخالف نعرے درج تھے، ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی واپس پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کو اپنی بہادر فوج پر فخر ہے جس نے وطن عزیز کو نقصان پہنچانے کی اندرونی و بیرونی دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنایا، دفاع وطن کے لئے پاک فوج کی قربانیوں کو پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ کی طرف سے ایران پر جارحیت انتہائی قابل مذمت ہے، ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت امت مسلمہ کا بہت بڑا نقصان ہے، یہ وقت امت مسلمہ کے متحد ہونے اور عالم کفر کی سازشوں کو ناکام بنانے کا ہے، شرکاء نے عالمی قوتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران پر اسرائیلی و امریکی جارحیت کو رکوانے میں کردار ادا کرے۔۔