اشیائے ضروریہ سرکاری نرخ نامے اولین ترجیح

ننکانہ صاحب:(ناصر بیگ ) اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ صاحب ثناء شرافت کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس،جس میں ضلع بھر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے کنٹرول، گرانفروشی کے خلاف جاری اقدامات اور مجسٹریٹس کی مجموعی و انفرادی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر ثناء شرافت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کو ماہِ رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں اپنی موجودگی مزید مؤثر بنائیں، نرخ ناموں کی آویزانی، معیار اور وزن کی سخت جانچ کو یقینی بنائیں اور گرانفروشی کے مرتکب عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور پرائس کنٹرول کے حوالے سے کارکردگی میں مزید بہتری لانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کا عمل جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے حقوق کے تحفظ اور منڈیوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے۔بعدازاں اسسٹنٹ کمشنر ثناء شرافت نے رمضان نگہبان بازار کا وزٹ کرکے رمضان بازار میں موجود اشیاء کی کوالٹی کا جائزہ لیا۔انہوں نے عام مارکیٹ سے قیمتوں میں فرق، صفائی ستھرائی سمیت دیگر انتظامات و سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے رمضان بازار میں موجود شہریوں سے سہولیات بارے دریافت بھی کیا۔شہریوں نے سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں