امریکی ویزا سکینڈل۔ پیر ۔گرفتار

ملزم الشیخ السید سیف الدین عارفی گرفتار – امریکی ویزا فراڈ میں ملوث ایجنٹ بے نقاب

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے امریکی ویزا فراڈ کیس میں ملوث مرکزی ملزم الشیخ السید سیف الدین عارفی ولد حافظ محمد اسلم عرف عثمان گیلانی/پیر صاحب کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کی ضمانت منسوخ ہونے کے بعد اسے عدالتِ اسپیشل جج سنٹرل اسلام آباد کے احکامات پر حراست میں لیا گیا۔

یہ کارروائی U.S. Embassy Islamabad کی جانب سے موصولہ ریفرل کے بعد عمل میں لائی گئی، جس میں انکشاف ہوا کہ متعدد ویزا درخواست گزاروں کو جعلی دستاویزات کے ذریعے امریکہ بھجوانے کی کوشش کی گئی۔ ملزم اور اس کے ساتھیوں نے درخواست گزاروں کو امریکہ میں منعقدہ مبینہ “Festival of Sufi Wisdom” میں شرکت کے نام پر جعلی دعوت نامے، وزارتِ خارجہ کے جعلی خطوط اور دیگر دستاویزات فراہم کیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے سادہ لوح شہریوں کو وزٹ ویزا دلوانے کا جھانسہ دے کر کروڑوں روپے بٹورے۔ متاثرین سے مجموعی طور پر لاکھوں روپے وصول کیے گئے جبکہ بعض سے 45 سے 70 لاکھ روپے تک کے معاہدے طے کیے گئے۔ ملزم خود کو بااثر شخصیت، گولڑہ شریف کے پیر کا قریبی عزیز اور سرکاری ملازم ظاہر کر کے لوگوں کو دھوکہ دیتا رہا۔

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزم نے سال 2023 اور 2024 میں 12،12 افراد پر مشتمل دو گروپس بیرونِ ملک بھجوانے کا دعویٰ کیا۔ وہ دیگر ایجنٹس کے ساتھ ملی بھگت سے جعلی ڈی ایس-160 فارم، دعوت نامے اور انٹرویو کی تیاری کرواتا تھا۔

ملزم اور اس کے ساتھیوں کے خلاف پریوینشن آف اسمگلنگ آف مائیگرنٹس ایکٹ 2018 کی دفعات 3، 4، 7 اور تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 420 اور 468 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں اور دیگر سہولت کاروں کے کردار کا تعین کیا جا رہا ہے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی اور شہریوں کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ غیر رجسٹرڈ یا مشکوک ایجنٹس سے رابطہ کرنے سے گریز کریں

islamabad today

اپنا تبصرہ بھیجیں