پڑھے لکھے فلمی ڈاکو گرفتار

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)فلمی انداز میں ڈکیتیاں کرنے والے پڑھے لکھے ڈاکووں کا گینگ گرفتار  پولیس نے ایک ایسے منظم اور تعلیم یافتہ تین رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا ہے جو کورئیر نمائندہ بن کر شہریوں کو لوٹتا تھا۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن عثمان طارق بٹ کے مطابق، ملزمان نے شہری عثمان راحیل کو ٹی سی ایس (TCS) کا نمائندہ بن کر کال کی اور پارسل کی وصولی کے بہانے گھر کے باہر بلایا۔ جیسے ہی وہ باہر آئے، ملزمان انہیں گن پوائنٹ پر گھر کے اندر لے گئے اور 15 تولے سونا، قیمتی گھڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ یہ روایتی ڈاکو نہیں بلکہ ٹیکنالوجی کے ماہر تھے، جنہوں نے عثمان راحیل اور ان کی اہلیہ کے بینک اکاؤنٹس سے مجموعی طور پر 80 لاکھ روپے آن لائن ٹریڈنگ ایپ ‘بائی نانس’ (Binance) میں منتقل کیے۔ اپنی شناخت چھپانے کے لیے ملزمان نے سات مختلف ‘ٹرسٹ والٹس’ (Trust Wallets) بنائے اور رقم ان میں ٹرانسفر کر دی۔ ملزمان نے واردات کے لیے جعلی سبسکرپشن والی سم استعمال کی اور متاثرہ شخص کے مالی حالات کی مکمل ریکی کر رکھی تھی۔

اسلام آباد پولیس کی آئی ٹی اور سیف سٹی ٹیموں نے جدید تکنیکی وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اس شاطر گینگ کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان انتہائی پڑھے لکھے ہیں اور انہوں نے متاثرہ شخص کے کال سینٹر کے کاروبار کی وجہ سے ان کے اکاؤنٹس کی تفصیلات پہلے ہی حاصل کر لی تھیں۔ پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ نامعلوم کالز اور غیر تصدیق شدہ کورئیر نمائندوں سے ہوشیار رہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں