بھور بن میں صحافی کا گھر جلا دیا گیا

اسلام اباد (نمائندہ خصوصی )نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر اظہر جتوئی ، سیکرٹری نئیر علی ، فنانس سیکرٹری وقار عباسی اور گورننگ باڈی ارکان نے راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے سینئر نائب صدر اور سینئر صحافی توصیف احمد عباسی کے بھوربن (مری) میں واقع آبائی گھر کو نامعلوم افراد کی طرف سے نذرِ آتش کرنے کے مجرمانہ عمل کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کامطالبہ کیا ہے، این پی سی کی گورننگ باڈی نے اپنے مذمتی بیان میں واقعہ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں کو انکی پیشہ ورانہ سرگرمیوں سے روکنے کیلئے انہیں ہراساں کرنے اور جان و مال کو نقصان پہنچانے کی کارروائیاں نہ صرف قابل مذمت ہیں بلکہ یہ آزادی صحافت پر براہ راست حملہ ہیں، صحافیوں کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے جسے ہر صورت یقینی بنایا جائے، این پی سی قیادت نے کہا کہ متاثرہ خاندان کی جانب سے دو گھنٹے سے زائد عرصے تک پولیس ہیلپ لائن 15 پر بار ہا رابطہ کرنے کے باوجود کسی کے بروقت رسپانس نہ کرنے کے عمل کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہنگامی صورتحال میں پولیس کی عدم دستیابی اور بروقت رسپانس نہ دینا انتہائی قابل تشویش ہے، جس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔ این پی سی قیادت نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری ، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے ذمہ داران کو فوری گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور پولیس ایمرجنسی سروس کی غفلت کا بھی سختی سے نوٹس لیا جائے بصورت دیگر صحافی برادری احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں