مریم کے مہمان دسترخوان ڈی سی کی صحافیوں کو بریفنگ

ننکانہ صاحب:( ناصر بیگ)ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو کی زیرصدارت ننکانہ صاحب کے صحافی برادری سے اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ماہین فاطمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شاہد کھوکھر، اسسٹنٹ کمشنر شاہکوٹ، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر ننکانہ صاحب سمیت صحافی برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے کہا کہ صحافی برادری کو بلانے کا مقصد رمضان المبارک کی تیاریوں اور ضلع میں جاری عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات بارے آگاہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پرائس کنٹرول، رمضان سہولت بازار، نگہبان رمضان دستر خوان مریم کے مہمان، نگہبان کارڈز کے حوالے سے خصوصی اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے میڈیا نمائندگان کو بتایا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے رواں سال میں 45 ہزار 7 سو 38 مقامات کی انسپکشن کی، 487 خلاف ورزیاں پائی گئیں رواں سال گراں فروشی پر 09 لاکھ 47ہزارروپے کے جرمانے عائد کیے گئے اور 09 مقدمات کا اندراج کرایا گیا۔پرائس مجسٹریٹس نے 07 کاروباری مراکز کو سیل جبکہ 09 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ گراں فروشی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران شہر کو سجایا جائے گا، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بڑی مساجد کو عرق گلاب سے دھویا جائے گا، افطار کے وقت ہسپتالوں میں عملے کی تعداد کو بڑھایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مذہبی منافرت پھیلانے والوں کو جیل بجھیں گے، احترام رمضان آرڈیننس پر سختی سے عملدرآمد ہو گا۔کوالٹی اور ناپ تول میں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سحر اور افطار کے وقت گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ننکانہ سٹی اور منڈی فیض آباد میں رمضان سہولت بازار قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں اشیائے خوردونوش عام مارکیٹ سے سستی دستیاب ہیں۔سبزیاں، کریانہ ایٹمز، گوشت چکن اور پھل عام بازاروں سے رعایتی قیمتوں پر مہیا کیے جائیں گے۔عام مارکیٹ میں بھی اشیاء خوردونوش، سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ نگہبان رمضان دستر خوان’ مریم کے مہمان ” کے تحت ماہ رمضان میں افطاریوں کا اہتمام کیا جائے گا۔ضلع میں 07 رمضان دستر خوان قائم کیے جا رہے ہیں، تحصیل ننکانہ میں ” تین ” تحصیل شاہکوٹ اور سانگلہ میں دو، دو دستر خوان قائم ہونگے۔ڈپٹی کمشنر نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ضلع میں پہلے مرحلے کے دوران 09 ہزار سے زائد مستحق گھرانوں کو نگہبان کارڈز تقسیم کئے جا رہے ہیں نگہبان کارڈ کے تحت مستحق خاندانوں کو 10 ہزار روپے دیئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امدادی رقم میں کٹوتی برداشت نہیں کی جائے گی، میڈیا بھی نشاندھی کرے۔خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی ہوگی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب ترقیاتی پروگرام کے تحت ضلع کی 95 فیصد شاہرات کو مکمل کر لیا گیا ہے، دیگر منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ضلع میں بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کے منصوبے جاری ہیں۔واسا، پنجاب صاف پانی اتھارٹی،پی ایچ اے کے قیام سے میونسپل سروسز کی فراہمی میں بہتری آر ہی ہے۔بیوٹیفکیشن پلان کے تحت اہم شاہراہوں اور چوکوں کی ری ڈیزائننگ جاری ہے۔ضلع کی تمام گرین بیلٹس اور پارکوں کی تزئین و آرائش تیزی ہو رہی ہے، نئے مونومنٹس بھی لگائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مارچ کے آخر تک ضلع کی تمام پبلک پارکس کو مکمل بحال کر لیا جائے گا۔ضلع کے ماڈل بازاروں کے قیام پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہری و دیہی علاقوں میں صفائی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کو زیرویسٹ اور پھولوں کا شہر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے میڈیا نمائندگان کو کہا کہ آپ لوگ میری ٹیم کا حصہ ہیں، جہاں غلط کام ہو رہا ہے، آگاہ کریں کھلے مین ہول اور گلی محلے میں صفائی نہ ہونے پر آپ سب کا تعاون درکار ہے۔پنجاب صاف پانی اتھارٹی فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے عوام کو پینے کے صاف پانی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔ہسپتالوں بہترین سروس ڈیلیوری،مفت ادویات اور طبی سہولیات کی فراہمی کی مانیٹرنگ جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صحافی برادری سے درخواست ہے ذخیرہ اندوزوں اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کی اطلاع مجھے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو، متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز یا ڈی او انفارمیشن کو ضرور دیں۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راو نے انجمن تاجران اور ضلع کے مخیر حضرات سے بھی میٹنگ کی۔انجمن تاجران اور مخیر حضرات نے رمضان المبارک میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں