مسلم لیگی راہنما کے گھر پر حملہ
مسلم لیگی رہنما نوابزادہ وحیداللہ کی رہائش گاہ پر حملہ قابلِ مذمت، تحقیقات کا مطالبہ: سنیٹر زاھد خان
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات سنیٹر زاھد خان نے باجوڑ میں مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما نوابزادہ وحیداللہ کی رہائش گاہ پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے امن و امان کی صورتحال پر ایک سوالیہ نشان قرار دیا ہے۔
اپنے ایک جاری کردہ بیان میں سنیٹر زاھد خان کا کہنا تھا کہ سیاسی کارکنوں اور رہنماؤں کو نشانہ بنانا نہ صرف جمہوری اقدار کے منافی ہے بلکہ اس سے علاقے کے پُرامن ماحول کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بزدلانہ اقدامات سے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔
سنیٹر زاھد خان نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں اور ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے نوابزادہ وحیداللہ اور ان کے اہل خانہ سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں ہر قسم کے نقصان اور شر سے محفوظ رکھے، اور علاقے میں پائیدار امن قائم رہے۔