رمضان میں سستے پھلوں اور سبزیوں کیلئے اقدام ۔سردار ظہیر کی رپورٹ

رمضان المبارک میں پھلوں اور سبزیوں کے ریٹس برقرار رکھنے کے لیے مشاورتی اجلاس

اسلام آباد (سردار ظہیر سے ): رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے اور پھلوں و سبزیوں کی قیمتوں کو مناسب سطح پر برقرار رکھنے کے لیے دفتر چیئرمین مارکیٹ کمیٹی میں ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت اسسٹنٹ کمشنر پوٹھوہار حافظ علی نعیم شیخ اور چیئرمین مارکیٹ کمیٹی اسلام آباد ایم ساجد عباسی نے کی۔

اجلاس میں منڈی کے آڑھتیوں اور تاجروں کو مدعو کیا گیا، جنہوں نے قیمتوں کے استحکام، سپلائی کے تسلسل اور رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوری کی روک تھام سے متعلق اپنی تجاویز اور آراء پیش کیں۔ انتظامیہ کی جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ رمضان المبارک میں اشیائے خورونوش خصوصاً پھلوں اور سبزیوں کی وافر فراہمی اور مناسب نرخوں کو یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر پوٹھوہار حافظ علی نعیم شیخ، چیئرمین مارکیٹ کمیٹی اسلام آباد ایم ساجد عباسی، وائس چیئرمین مارکیٹ کمیٹی چوہدری الیاس، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی شیراز احمد کے علاوہ معزز ممبران مارکیٹ کمیٹی اور آڑھتی نمائندگان نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں