راولپنڈی میں چار جدید پارکنگ پلازے تیار کرے گا

راولپنڈی نماییندہ خصوصی)صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کا آر ڈی اے کا دورہ، جاری و آئندہ منصوبوں کا جائزہ لیا۔
ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ کا راولپنڈی میں ٹریفک مسائل کے حل کے لیے چار جدید پارکنگ پلازوں کی تعمیر کا اعلان۔
راولپنڈی: صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے صوبائی وزیر کو ادارے کے جاری منصوبوں اور آئندہ ترقیاتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران آر ڈی اے کے اہم ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی گئی جن میں راولپنڈی رنگ روڈ، مری روڈ کی توسیع، ڈبل روڈ کے اختتام پر انڈر پاس کی تعمیر اور شہر میں چار جدید پارکنگ پلازوں کی تعمیر شامل ہے۔ ڈی جی آر ڈی اے نے بتایا کہ ان میں سے دو پارکنگ پلازے کچہری چوک کے قریب جبکہ دو جناح روڈ، راجہ بازار میں قائم کیے جائیں گے۔ ان منصوبوں سے شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور دباؤ میں نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان چاروں پارکنگ پلازوں میں مجموعی طور پر 5,000 سے زائد گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہوگی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے بنٹھ انٹرچینج کا دورہ کیا اور منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے آگاہ کیا کہ رنگ روڈ منصوبے کا 78 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور یہ منصوبہ مارچ 2026 کے اختتام تک مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ نے آر ڈی اے کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ شہری ترقی اور عوامی سہولت سے متعلق منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ محکمہ ہاؤسنگ کم لاگت رہائشی منصوبوں، شہری انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوام کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ ڈی جی آر ڈی اے نے کہا کہ رنگ روڈ منصوبے کی تکمیل سے شہر کے مختلف حصوں کے درمیان رابطہ بہتر ہوگا اور خطے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آر ڈی اے متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے منصوبے کی بروقت تکمیل اور تمام حفاظتی اصولوں پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنا رہا ہے۔ اس سلسلے میں منصوبے کی مؤثر اور بروقت تکمیل کے لیے واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی راجہ عبدالحنیف ایڈووکیٹ، ملک افتخار، عمران الیاس چوہدری، راجہ صغیر، محسن ایوب خان سمیت دیگر نے شرکت کی۔۔۔۔۔۔۔