لیڈی ڈاکٹر کی ہراسمنٹ ایس ایچ او برطر ف

زیرو ٹالرنس پر عملدرآمد:
خاتون ڈاکٹر کو جنسی ہراساں کرنے پر تھانہ لوہی بھیر کے سابق ایس ایچ او ملازمت سے برطرف

رانا تصدق حسین

اسلام آباد – اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف ایک تاریخی اقدام کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد نے تھانہ لوہی بھیر کے سابق ایس ایچ او، سب انسپکٹر سہیل کہوٹ کو سرکاری ملازمت سے برخاست کر دیا۔ یہ فیصلہ خاتون ڈاکٹر کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے سنگین الزامات محکمانہ انکوائری میں ثابت ہونے کے بعد کیا گیا۔

پولیس کے اعلیٰ حکام کے مطابق انکوائری میں یہ ثابت ہوا کہ ملزم افسر نے اپنے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے قانون اور اخلاقیات کی صریح خلاف ورزی کی۔ الزامات کی تصدیق کے بعد ڈی آئی جی آپریشنز نے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت فوری اور سخت کارروائی کرتے ہوئے اسے نوکری سے فارغ کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون ڈاکٹر کو باضابطہ درخواست جمع کروانے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ معاملے میں فوجداری کارروائی کا آغاز کیا جا سکے۔

پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ درخواست موصول ہونے کی صورت میں ملزم کے خلاف قانون کے مطابق مزید سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ پولیس نے دو ٹوک مؤقف اختیار کیا ہے کہ بدعنوانی، اختیارات کا غلط استعمال، اور خواتین کے وقار کے منافی کوئی بھی عمل ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ وردی کسی کو قانون سے بالاتر نہیں بناتی۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے اس جرات مندانہ اقدام کو شہریوں، سماجی حلقوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے سراہا ہے۔

عوامی حلقوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ایسے عناصر کو مثالی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو قانون سے بالاتر ہونے کا تاثر نہ ملے اور اداروں پر عوام کا اعتماد بحال ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں