نا امیدی نا انصافی کا علاج صرف کرپشن کا خاتمہ

راولپنڈی(عابد منہاس )عوام میں بڑھتی ہوئی مایوسی، ناامیدی اور ناانصافی کا علاج صرف کرپشن کا خاتمہ اور میرٹ پر مبنی معاشرے کا قیام ہے، بلاشبہ کسی بھی ملک کے استحکام و ترقی کیلئے بدعنوانی کا خاتمہ اشد ضروری ہے سوشل اور اقتصادی ترقی کیلئے شفافیت اور جمہوریت لازمی شرط ہے دنیا بھر میں وہی حکومتیں زیادہ قابل اعتماد تصور ہوتی ہیں جو کہ کرپشن اور بدعنوانی پر موثر اقدامات اٹھا کر قابو پا لیں ان خیالات کا اظہار سماجی رہنما اور ترقی پسند فلاحی تنظیم کے صدر محمد عامر صدیقی نے عالمی یوم انسداد بدعنوانی کے حوالے سے کیا انہوں نے کہا کہ معاشرے میں بدعنوانی ناسور کی حیثیت اختیار کر چکی ہے کرپشن اور غربت کا چولی دامن کا ساتھ ہے جہاں کرپشن ہوتی ہے وہاں غربت کا خاتمہ نا ممکن ہو جاتا ہے کرپشن کو بیماریوں کی جڑ کہا جاتا ہے یہی وہ ناسور ہے جس کے سبب تمام بیماریاں پروان چڑھتی ہیں اور اداروں کی تباہی کا سبب بنتی ہے بدعنوانی کا خاتمہ قوم کی آواز ہے عامر صدیقی نے کہا کہ مدت ملازمت کا دورانیہ بڑھانے کے بجائے نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع ملنے چاہئیں تاکہ شاہینوں کی خدمات سے قوم مستفید ہو، اختیارات کا ناجائز استعمال اقرباءپروری اور رشوت ستانی سمیت کرپشن کی مختلف صورتوں کے باعث ہی آج پاکستانی قوم افراط زر، مہنگائی، بیروزگاری، جہالت، صحت و تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی کا شکار ہیں، ہم خودانحصاری اپنا کر ترقی کی منازل طے کرنے کے بجائے آج بھی آئی ایم ایف سے قرضوں پر اکتفا کیے بیٹھے ہیں اور ہمارے حکمرانوں کو پانامہ اور توشہ خانہ جیسے کیسز کا سامنا ہے قوم اپنے مستقبل سے پریشان دکھائی دیتی ہے اللہ اس قوم کو امانتدار و ایماندار حکمران عطا فرمائے۔ آمین