پنجاب میں نئے سخت قوانین

اسلام آباد (عابد منہاس)پنجاب حکومت نے راولپنڈی ڈویژن کے تمام اضلاع راولپنڈی، جہلم، اٹک، مری، تلہ گنگ اور چکوال میں نئے سخت ٹریفک قوانین نافذ کر دیے ہیں۔ ان قوانین کے تحت لوڈر اور رکشوں پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ بسوں اور ویگنوں کی چھتوں پر مسافروں کو لے جانے کو بھی جرم قرار دیا گیا ہے۔
حکام نے ہدایت کی ہے کہ پیر سے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا جائے گا۔ پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے تمام رکشوں کو ضبط کرکے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا جائے۔ غیر قانونی طور پر موٹر سائیکل چلانے یا بغیر ہیلمٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑی چلانے پر مقدمات درج کیے جائیں گے۔
کم عمر ڈرائیوروں کے والدین کو بھی قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ غلط سمت میں ڈرائیونگ، تیز رفتاری، اوور لوڈنگ اور ٹریفک کی دیگر خطرناک خلاف ورزیوں پر اب فوجداری کارروائی کی جائے گی۔ بسوں اور ویگنوں کی چھتوں پر مسافروں کو لے جانا بھی جرم تصور کیا جائے گا۔
مزید برآں موٹر سائیکلوں کو عارضی کمرشل رکشوں میں تبدیل کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایسی تمام موٹر سائیکلیں ضبط کر لیں۔
راولپنڈی ڈویژن کے ڈپٹی کمشنر، چیف پولیس آفیسر اور چیف ٹریفک آفیسر نے ٹریفک پولیس اور مقامی تھانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کارروائی میں کوئی تاخیر نہ ہو اور قوانین پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں